دہلی میں اب اسکولوں پر لگے تالے ہٹانے کا فیصلہ، جم، اسپا اور سوئمنگ پول بھی کھولنے کی ہدایت
نئی دہلی: 4؍فروری (عصرحاضر) دہلی میں اب اسکولوں پر لگے تالے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بتایا کہ پیر 14 فروری سے ریاست میں نرسری سے کلاس 8 تک کے اسکول کھول دئے جائیں گے۔ اس دوران یہ یقینی بنایا جائے گا کہ تمام اساتذہ کورونا کے ٹیکے لگوا چکے ہوں۔ خیال رہے کہ نویں سے بارہویں جماعت کے لیے اسکولوں کو 7 فروری سے کھولنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ اب کالج کی آن لائن کلاسز نہیں چلیں گی اور صرف آف لائن کلاسز کا ہی اہتمام کئے جانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں رات کے کرفیو کا وقت رات 10 بجے سے بڑھا کر 11 بجے تک کر دیا گیا ہے۔ ریستوراں اب رات گیارہ بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ جم، اسپا اور سوئمنگ پول بھی کھولنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔