احوال وطن

راجدھانی دہلی میں ویک اینڈ کرفیو سمیت متعدد پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ، اسکول کالج بدستور بند رہیں گے

نئی دہلی: 27؍جنوری (عصرحاضر)  دہلی میں کورونا وائرس کے کیسز کم ہونے کے پیش نظر ویک اینڈ کرفیو اور مزید پابندیوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، راجدھانی میں اب 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ سنیما ہال بھی کھل سکیں گے۔ ڈی ڈی ایم اے (دہلی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیٹی) کے اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا، جس میں دہلی کے لیفٹیننٹ گونر اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بھی موجود تھے۔
کورونا کے معاملوں میں کمی کے پیش نظر دہلی میں پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ ایسے حالات میں آج ڈی ڈی ایم اے نے اہم اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس کے دوران اختتام ہفتہ میں لگنے والا کرفیو ہٹانے کا فیصلہ لیا گیا۔ تاہم رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہنے والا شبانہ کرفیو بدستور جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ دہلی میں کورونا کی رفتار اب ماند پڑ چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راجدھانی میں کورونا کے 7498 نئے معاملے درج کئے گئے جبکہ 29 افراد کی جان چلی گئی۔ وہیں بدھ کے روز 5760 کیسز درج کئے گئے تھے اور 30 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔
دہلی میں اب شادی کی تقریب میں 200 افراد شرکت کر سکیں گے، ابھی تک صرف 50 لوگوں کو ہی شرکت کی اجازت دی جا رہی تھی۔ اس کے علاوہ سنیما ہال 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولے جا سکیں گے۔ تاہم اسکول، کالج اور تعلیمی ادارے بدستور بند رہیں گے۔
قبل ازیں، جمعرات کے روز دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا تھا کہ دہلی میں کورونا وائرس کے حالات قابو میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ یومیہ درج ہونے والے معاملوں میں گراوٹ آئے گی اور یہ تعداد 5 ہزار سے کم ہو سکتی ہے۔ وہیں، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی کورونا کے نئے معاملوں میں کمی کے درمیان منگل کے روز کہا تھا کہ کورونا کا زور بڑھتا ہے تو مجبوراً پابندیاں عائد کرنا پڑتی ہیں، جلد ہی ہم پابندیوں کو ہٹانے اور آپ کے معلومات زندگی کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×