ریاست و ملک

ہیکروں سے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ بھی نہیں بچ سکی، ہیکر نے بنا ڈالے 10 ہزار فرضی ووٹر، ایک شخص گرفتار

نئی دہلی: 13؍اگست (عصرحاضر) ہندوستانی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ہیک کیے جانے کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ویب سائٹ ہیکر کرنے اور نکود علاقے میں اپنی کمپیوٹر کی دکان میں ہزاروں فرضی ووٹر شناختی کارڈ بنانے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سائبر ہیکروں نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ ہیک کر کے تین ماہ میں 10 ہزار سے زیادہ ووٹر شناختی کارڈ بنائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص وپل سینی اسی پاسورڈ سے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر لاگ ان کرتا تھا، جس کا استعمال الیکشن کمیشن کے افسر کر رہے تھے۔
خبروں کے مطابق الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر کچھ حرکت دیکھی تھی اور کئی جانچ ایجنسیوں کو اس معاملے کی اطلاع دی تھی۔ جانچ کے دوران سینی کی جگہ کا پتہ لگایا گیا اور سہارنپور پولیس کو مطلع کیا گیا۔ سائبر سیل اور سہارنپور کرائم برانچ کی مشترکہ ٹیم نے جمعرات کو سینی کو مچھرہیڑی گاؤں سے گرفتار کیا ہے۔

سینی کے پاس کمپیوٹر ایپلی کیشن (بی سی اے) میں گریجویشن کی ڈگری ہے۔ پولیس نے اس کی دکان پر بھی چھاپہ ماری کر ہارڈ ڈرائیو اور کمپیوٹر ضبط کیے ہیں۔ پولیس افسران کے مطابق سینی کے بینک اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے کا لین دین ہو رہا تھا۔ سہارنپور کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) ایس چنپّا نے کہا کہ ’’ابھی تک ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ ان فرضی شناختی کارڈس کو کیوں بنا رہا تھا، یا کس مقصد سے استعمال کیا جا رہا تھا۔ اس کی جانچ کی جانی باقی ہے۔‘‘ پوچھ تاچھ میں سینی نے مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع کے رہنے والے ارمان ملک کو بھی اپنا ساتھی بتایا ہے۔ دہلی میں جانچ ایجنسیاں اب کورٹ کے ذریعہ سینی کی ریمانڈ مانگے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×