دہلی میں پُر تشدد واقعات میں 25 کی موت اور 200؍سے زائد زخمی
نئی دہلی: 26؍فروری (ذرائع) شمال مشرقی دہلی میں چل رہے فساد اور تشدد معاملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 24 تک پہنچ گئی ہے۔ چہارشنبہ کو مزید 7؍ لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ تشدد میں 56 پولیس اہلکاروں سمیت تقریباً 200 لوگ زخمی بتائےجارہے ہیں۔دوسری جانب دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال سیلم پور علاقے میں ڈی سی پی دفتر پہنچے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے لوگ تشدد نہیں چاہتے ہیں، یہ کچھ شرپسند عناصر اور باہر لوگوں کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں ہندو اور مسلمان کبھی لڑنا نہیں چاہتے ہیں۔ اس دوران شمال مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد کے پیش نظر ایک اہم میٹنگ ہونے والی ہے۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا، شمال مشرقی دہلی ضلع کے ڈی ایم ششی کوشل اور دیگر افسران شامل ہوں گے۔ اروند کیجریوال میٹنگ ختم ہونے کے بعد شیو وہار علاقے کا دورہ کریں گے۔
گرو تیغ بہادر اسپتال (جی ٹی بی اسپتال) کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد 23 ہوگئی ہےجبکہ 189 لوگ زخمی حالت میں لائے گئے ہیں۔ وہیں دہلی پولیس کے پی آر او ایم ایس رندھاوا نےکہا ہےکہ دہلی تشدد معاملے میں اب تک 106 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 18 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شمال مشرقی اضلاع کے لئے دو نمبر 22829334 اور 22829335 دستیاب کرا رہے ہیں۔ اس سے ہم لوگوں کو اپیل کرنا چاہیں گے کہ اگر آپ کو کسی مدد کی ضرورت ہے، آپ کے پاس کوئی اطلاع ہے، تو آپ بتا سکتے ہیں۔
وہیں دہلی تشدد کے پیش نظر امریکی سفارت خانہ نے اپنے شہریوں کےلئے وارننگ جاری کی ہے۔ قومی سلامتی کے مشیر (نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوبھال تشدد متاثرہ علاقے شمال مشرقی دہلی کا دورہ کرنےکے بعد وزیر داخلہ امت شاہ سے ملنے کےلئے وزارت داخلہ پہنچے۔