احوال وطن

ملک بھر میں بڑھتے کورونا کیسوں پر سپریم کورٹ نے کیا تشویش کا اظہار، ریاستوں سے رپورٹ طلب

نئی دہلی: 23؍نومبر (یو این آئی) قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک کی متعدد ریاستوں میں کورونا وبا کے بڑھتے معاملات کے پیشِ نظر سپریم کورٹ نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو سبھی ریاستوں سے حالات کی رپورٹ طلب کی ہے۔ جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس ایم آر شاہ کی بنچ نے کورونا پر از خود نوٹس لینے والے معاملے کی سماعت کے دوران کہا کہ ملک بھر سے کورونا کے معاملوں میں تیزی سے اضافے کی خبر آرہی ہے۔ پچھلے دو ہفتے میں دہلی میں حالات خطرناک ہوئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ کورونا معاملے کی خطرناک شکل کے پیش نظر سبھی ریاستوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ کورونا انفیکشن اور اس کے لئے کیے جا رہے اقدامات سے متعلق تازہ حالات کی رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کریں۔ سماعت کے دوران جسٹس بھوشن نے دہلی حکومت سے پوچھا کہ وہ حالات کو کیسے سنبھال رہے ہیں اور کورونا انفیکشن کے مریضوں کا علاج کیسے کیا جا رہا ہے؟ کیا دہلی کے اسپتالوں میں مریضوں کے لئے مناسب بستروں کا انتظام ہے؟ اس کے جواب میں دہلی حکومت کے وکیل نے کہا کہ دہلی کے سبھی اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لئے بستر ریزرو کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد بنچ نے دہلی حکومت سے مریضوں کے انتظام کے سلسلے میں حالات کی تازہ رپورٹ پیش کرنے کو کہا۔ اس دوران مرکزی حکومت کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے اس بات کے سلسلے میں اتفاق کا اظہار کیا کہ دہلی حکومت کو کورونا معاملے میں اور بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ (امت شاہ) نے گزشتہ 13 نومبر کو اس سلسلے میں ایک میٹنگ کی تھی اور کئی ہدایات جاری کی تھیں۔ عدالت نے اس معاملے کی سماعت جمعہ تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے دہلی سمیت سبھی ریاستوں کو ہدایت دی کہ وہ اس دوران انفیکشن سے متعلق حالات کی تازہ رپورٹ اس کے سامنے پیش کریں۔ بنچ نے کہا کہ اگر ریاستی حکومتیں پوری طرح سے تیار نہیں ہوتی ہیں تو دسمبر میں حالات بد سے بدتر ہوسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×