احوال وطن

شاہین باغ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری‘ آج تیسرے دن کیا بات ہوئی جانیے تفصیلی رپورٹ

دہلی: 21؍فروری ( یو نیوز) شاہین باغ میں دو ماہ سے زائد عرصہ سے جاری احتجاج کی وجہ سے کالندی کنج راستہ بند ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے مذاکرات کے لیے سینیر وکیل سنجے ہیگڑے اور سادھنا رام چندرن پچھلے تین دنوں سے اس سڑک کو بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مظاہرین سے بات چیت آج تیسرے دن بھی جاری رہی‘ آج کی خاص بات یہ رہی کہ کو سپریم کورٹ کے مصالحت کار اسٹیج پر بیٹھ کر خواتین کی باتیں سننے کے بجائے وہ ان کے درمیان میں ہی پہنچ گئیں اور وہاں انہوں نے خواتین سے بات چیت کی ۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین اور مصالحت کاروں کے درمیان ایک طرف کا راستہ کھولنے کی بات چیت چل رہی ہے ۔ تو دوسری طرف مظاہرین نے یہ اندریشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایک طرف کا راستہ کھل گیا تو ان کے تحفظ کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سڑک پوری طرح بند ہونے کے باوجود ایک مرتبہ وہاں فائرنگ ہوچکی ہے اور اگر ایک طرف کا راستہ کھل جاتا ہے تو ان کی سیکورٹی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ دہلی پولیس سیکورٹی کی ضمانت دے ۔ ساتھ ہی ایس ایچ او ، اے سی پی اور بیٹ کانسٹیبل کی ذمہ داری طے ہو اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں برخاست کیا جائے ۔ سپریم کورٹ بھی سیکورٹی کو لے کر حکم دے ۔ خیال رہے کہ بدھ سے سپریم کورٹ کے مصالحت کار لگاتار شاہین باغ پہنچ رہے ہیں اور ان سے بات چیت کرکے راستہ کھلوانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ تاہم اب تک راستہ کھولنے کو لے کر کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے ۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ میں دو ماہ سے زائد عرصہ سے مظاہرہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ مظاہرین میں خواتین کی تعداد کافی زیادہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×