دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کا 12؍اکتوبر سے شروع ہوگا تین روزہ اجلاس

دیوبند،11؍اکتوبر(سمیر چودھری)ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ و اسلامی یونیورسٹی دارالعلوم دیوبند کی ہیئت حاکمہ مجلس شوریٰ کا تین روزہ اجلاس مؤرخہ 12؍اکتوبر سے شروع ہونے جارہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد منعقد ہورہے اس اجلاس کو کافی اہم سمجھا جارہا ہے، کیونکہ لاک ڈائون کے بعد اب ان لاک 5-کے تحت 19؍اکتوبر سے حکومت نے تعلیمی اداروں کو شرائط کے ساتھ کھولے جانے کی اجازت دیدی ہے۔ حکومت کی جانب سے عصری ودینی تعلیمی اداروں میں درس وتدریس شروع کرنے کی اجازت دینے کے بعد سے دارالعلوم دیوبند میں بھی تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے لئے ضروری اقدامات اور تیاریاں شروع کردی ہیں۔ کورونا کی مہلک وبا کی وجہ سے پیداصورتحال میں تعلیم دیئے جانے سے متعلق کیا بندوبست کئے جائیں اور طلبہ کی صحت کو برقرار رکھنے اورکورونا کے انفیکشن سے بچائو کے لئے کون سے ضروری اقدامات کئے جائیں گے یہ دیکھنے والی بات ہے۔ اس کے علاوہ کووڈ19-کی مہلک وبا کے ابھی ختم نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کی رہائش اور تعلیمی نظام میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔ پورے ملک میں پھیلے دارالعلوم دیوبندکے طالب علموں کی بھی اس اجلاس پرخاص نظر ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ رمضان المبارک میں صدرالمدرسین مولانا مفتی سعید پالنپوریؒ کی وفات کے بعد شیخ الحدیث وصدرالمدرسین جیسے بڑے اور اہم عہدے پر کس کو فائز کیا جائے اس کے لئے اراکین شوریٰ کو کافی غوروفکر کے بعد فیصلہ کرنا ہوگا، کیونکہ صدرالمدرسین کا انتخاب مجلس شوریٰ کے اس تین روزہ اجلاس کے دوران ہی کیاجانا ہے۔ جس کے لئے کئی نام گشت کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ حال ہی میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر کی جانب سے خالی کئے جانے والے دونوں نئے اورپرانے مکانات سے متعلق فیصلہ بھی اِسی مجلس کے دوران کیاجانا ہے۔دارالعلوم دیوبند کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس مالی سال 2020-21کے بجٹ کو عملی طورسے پاس کرائے جانے کے لئے بلایاگیا ہے۔واضح ہو کہ کورونا کی شدت کے سبب اورلاک ڈاؤن کے نفاذ کے سبب ماہ اپریل 2020میں منعقد کئے جانے والے شوریٰ کے اجلاس کو ملتوی کردیاگیاتھا۔اس کے علاوہ یہ بھی امید ہے کہ ادارہ میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے مناسب اقدامات طے کرنے کے علاوہ تعمیری امور کو جاری رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق غوروخوض کیاجائے اور سب سے اہم یہ کہ تقریباً گزشتہ 6ماہ سے چندہ اور عوامی امداد کے بند پڑے نظام سے متعلق بھی ضروری ہدایات جاری کی جاسکتی ہیں۔جبکہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اجلاس کے دوران ادارہ کے بجٹ سے متعلق خصوصی طور پر غوروفکر کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ مجلس شوریٰ کے زیادہ تر ارکان نے شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری گائڈ لائن کے مطابق ہی ادارہ کا تعلیمی نظام شروع کیا جائے گا۔
ماشاء اللہ