احوال وطن

دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا غلام نبی کشمیری کا انتقال

دیوبند،7؍ اکتوبر(سمیر چودھری)دارالعلوم وقف دیوبند کے ممتاز استاذ مولانا غلام نبی کشمیری کا آج صبح دہلی کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں طویل علالت کے بعد تقریباً62؍ سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ مرحوم گزشتہ کافی عرصے سے مہلک مرض میں مبتلا تھے ۔ جیسے ہی ان کے انتقال کی خبر دیوبند پہنچی تو علمی حلقو ں میں صدمہ محسوس کیا گیا ۔ مرحوم کے جنازے کو بعد نماز ظہر دیوبند لایا گیا جہاں ان کے دیدار ان کی رہائش گاہ پرلوگ جمع ہونے لگے۔ واضح رہے کہ مولانا مرحوم دارالعلوم دیوبند کے ایک ممتاز فاضل اور دارالعلوم وقف کے جید اور کامیاب ترین اساتذہ میں شمار ہوتے تھے۔ مولانا مرحوم فن حدیث و فقہ کے بڑے استاذ تھے۔ انہیں درس و تدریس کے علاوہ خطابت و تحریر پر بھی یکساں عبور حاصل تھاچنانچہ جہاں تین دہائی سے زائد دارالعلوم وقف میں تدریسی خدمات انجام دیں، وہیں اس ادارے سے شائع ہونے والے ماہانہ مجلہ ندائے دارالعلوم کی ادارت بھی کی، اس کے علاوہ انہوں نے متعدد کتابیں بھی لکھیں، اور کئی درسی کتابوں کے بہترین شارح تھے۔ مولانا خالص علمی آدمی تھے، نیک دل مخلص متقی، پرہیزگار تھے، عمدہ اخلاق کے حامل تھے،طلبہ و علمامیں انھیں یکساں مقبولیت حاصل تھی۔ان کے انتقال پر دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دارالعلوم وقف کی تدریسی زندگی میں نوجوان استاذ کی حیثیت سے ان کا نام نمایاں رہا اور انہو ں نے طویل عرصہ تک تدریسی خدمات انجام دیں ،بلاشبہ ان کی وفات کو دارالعلوم وقف ایک بڑا نقصان ہے۔ دارالعلوم وقف کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مولانا کی وفات ہم سب کے لیے نہایت افسوسناک ہے۔ معروف ادیب ومصنف مولانانسیم اختر شاہ قیصر نے کہا کہ مولانا غلام نبی ایک باکمال عالم، باصلاحیت مدرس ، صاحب قلم اور صاحب خطابت تھے، ان چاروں میدانوں میں ان کی انفرادیت قائم تھی ۔ اللہ نے انہیں پڑھانے ، بولنے اور لکھنے کا خوب سلیقہ عطا فرمایا تھا۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نمازعشا دارالعلوم دیوبند کے احاطہ مولسری میں اداکی گئی اور قبرستان قاسمی میں تدفین عمل میں آئی۔ تعزیت پیش کرنے والوں میں دارالعلوم وقف دیوبند کے نائب مہتمم مولانا شکیب قاسمی، دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی، مولانا فضیل ناصری ،مولانا اسلام قاسمی، مفتی عارف قاسمی، قاری واصف، مولانا فرید، مفتی احسان قاسمی، مولانا عبداللہ ابن القمر، ماہنامہ ترجمان کے مدیر اعلیٰ مولانا ندیم الواجدی، مولانا ابراہیم قاسمی، سابق اسمبلی رکن معاویہ علی، قاری فوزان ،عمر الٰہی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×