احوال وطن

اسلام کی بنیاد میں صحابہ کرام سے محبت شامل ہے: مولانا عبد العلیم فاروقی

دیوبند،23؍ اکتوبر(سمیر چودھری)دیوبند اسلامک اکیڈمی اینڈ ریسرچ سینٹر دیوبند اور تنظیم ابنائے مدارس کے زیر اہتمام گزشتہ شب شیخ الہند ہال دیوبند میں تحفظ ناموس صحابہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مفتی محمد راشد اعظمی نے کی، بطور مہمان خصوصی مولانا عبدالعلیم فاروقی رکن شوری دارالعلوم دیوبند نے شرکت کی۔اس موقع پر مولانا عرفان قاسمی مبلغ دارالعلوم دیوبند نے کہا کہ صحابہ ہمارے اور نبی کے درمیان پل ہیں ان سے بے اعتمادی دراصل نبی کی ذات سے بے اعتمادی ہے، اس لئے مسلمانوں کو سارے صحابہ کا احترام بجا لانا چاہئے۔مولانا عبدالعلیم فاروقی نے تحریک مدح صحابہ اور تحفظ ناموس صحابہ کے عنوان پر تفصیلی خطاب کیا،انہوں نے کہا کہ جس نے نبی اکرم صلعم کو بحالت ایمان ایک پلک جھپکنے کے برابر وقت بھی دیکھا اور نبی اکرم کی اس پر نظر پڑگئی وہ صحابی ہیں،صحابہ سارے کے سارے مومن ہیں، مخلص ہیں ان میں سے کسی کو منافق کہنا صحابہ کی کھلی توہین ہے اس پر توبہ کرلینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کے تعلق سے شک پیدا کرنا،ان کو گالی دینا، ان میں تفریق پیدا کرنا اور انہیں برا بھلا کہنا حرام ہے، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی صحابی فاسق ہر گز نہیں ہو سکتا، تمام مسلمانوں کے لئے جنت کا فیصلہ حشر کے میدان میں ان کے اعمال کے مطابق ہوگا، اور اللہ کی رضا جنت کے بعد کا مرحلہ ہے، جبکہ صحابہ کرام کے لئے رضا کا پروانہ اللہ نے دنیا میں ہی دے دیا ہے،انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کسی کو گالی دینے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے،جو صحابہ کرام سے محبت کرے گا نبی ؐنے فرمایا میری محبت اس کے لئے ہے اور جو صحابہ کرام سے بغض رکھے گا میں اس سے بغض رکھوں گا۔صدر کانفرنس مفتی محمد راشد اعظمی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی بنیاد صحابہ ہیں، اگر صحابہ کرام کو دارالعلوم دیوبند سے نکال دیا گیا تو دارالعلوم کا کوئی وجود نہیں ہے، دارالعلوم دیوبند ڈیڑھ سو سال سے صحابہ کی فکر، صحابہ کے علوم کو پوری دنیا میں پھیلا رہا ہے، ہمارا وجود ہی صحابہ کرام کے رہین منت ہے، انہوں نے کہا اسلام کی بنیاد میں صحابہ کرام سے محبت شامل ہے۔ قبل ازاں گزشتہ دس دنوں سے جاری مرحلہ وار کل دیوبند مسابقہ خطابت کا فائنل بعد نماز مغرب پہلی نشست میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مفتی عطاء الرحمان قاسمی نانکوی نے کی،اس نشست میں فائنل مرحلہ کے ٹاپ ٹین مساہمین کا مسابقہ ہوا، حکمیت کے فرائض مولانا صدر عالم قاسمی اور مولانا شاھد قاسمی سیتاپوری نے انجام دیئے۔ کانفرنس کے آخر میں’کل دیوبند مسابقہ خطابت‘کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں اول پوزیشن مولوی محمد معین گونڈوی متعلم دارالعلوم دیوبند نے حاصل کی، جنہیں مولانا عبدالعلیم فاروقی کے ہاتھوں پانچ ہزار روپئے کی کتابوں سے نوازا گیا،دوسری پوزیشن مولوی محمد ندیم بستوی، تیسری پوزیشن مولوی شاھد کبیر نگری، چوتھی پوزیشن مولوی محمد عاقل ہردوئی اور پانچویں پوزیشن مولوی محمد مسرور ارریاوی نے حاصل کی جنہیں خصوصی انعامات سے نوازا گیا، اس کے علاوہ تمام شرکاء کو انعامات دیئے گئے۔ اخیر میں پروگرام کے کنوینر اور دیوبند اسلامک اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا مہدی حسن عینی قاسمی نے سبھی مہمانوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، اس دوران مولانا عبدالعلیم فاروقی کو سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا یامین قاسمی، مولانا شمشیر قاسمی ،مولانا اختر قاسمی سیتاپوری، مولانا خیر الہدی، مولانا صدر عالم قاسمی،سلیم قدوائی، مولانا امین الحق عبداللہ کانپوری، مولانا قاری ناصر الدین وغیرہ موجودرہے۔ نظامت کے فرائض مولانا شاھد سیتاپوری اور مولانا مرغوب الرحمان طیب قاسمی نے مشترکہ طور انجام دیئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×