احوال وطن

دارالعلوم دیوبند میں مجلس شوریٰ کے سہ روزہ اجلاس کا آغاز

دیوبند،22؍ اکتوبر(سمیر چودھری) عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کا سہ روزہ بجٹ اجلاس آج سے شروع ہوگیا ۔ صبح نو بجے ادارہ کے مہمان خانہ میں شروع ہوئی نشست اول میں اراکین شوریٰ کی اکثریت نے شرکت کرکے ادارہ کی ترقی کے سلسلہ میں کئی اہم تجاویز کو منظوری دی،گزشتہ دنوں دارالعلوم دیوبند کی لائبریری پر کی گئی انتظامیہ کی کارروائی کو لیکر اراکین کے درمیان بحث و مباحثہ کا دور کافی طویل چلا تو وہیں طلبہ کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے سابقہ شوریٰ میں پاس کئے گئے بیس بیڈ کے ہسپتال کی تعمیر کو لیکر بھی گفت و شنید کی گئی۔ دوسری نشست میں تعلیمات،تعمیرات ،تنظیم و ترقی اور محاسبی سمیت متعدد شعبہ جات کی رپورٹوں کے علاوہ ادراہ کا بجٹ پیش ہوگا،خبر ہے کہ رواں سال بھی ادارہ کی بجٹ میں اضافہ کیا جاسکتاہے۔ وہیں کارکنان نے بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی کو لیکر تنخواہوں میں اضافہ اور گریڈ اسکیل بنائے جانے کی درخواستیں دے رکھی، جن پر فیصلہ ہوسکتا ہے ، کارکنان کو آخری نشست کے فیصلہ کا شدت سے انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق تین روزہ اجلاس میں ہونے والی مختلف نشستوں کے علاوہ آج پہلے دن کی نشست میں کارکنان ادارہ کی ترقی، طلبہ کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی رہائش، لائبریری کی تعمیر پر انتظامیہ کی کاروائی، اس کے علاوہ طلباء کے لئے طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور تعلیمی نظام کو مزید مستحکم کرنے و نصابی ترمیم جیسے اہم موضوعات پر گفت و شنید کی گئی۔ بتادیں کہ ملک کے موجودہ نامساعد حالات ، حکومت کے ذریعہ تین طلاق کے خلاف قانون نافد کرنے، بابری مسجد پر عدالت سے آنے والے فیصلہ اور این آر سی جیسے کئی اہم مسائل بھی زیر غور آئے ہیں۔ حالانکہ تمام فیصلوں کی پوری صوتحال تیسرے روز آخری نشست کے بعد ہی سامنے آئے گی مگر بتایا جارہاہے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ادارہ کے بجٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل ، دارالعلوم دیوبند کے سابق مہتمم مولانا غلام محمد وستانوی، مولانا عبدالعلیم فاروقی،مولانا اشتیاق احمد، مولانا ملک ابراہیم، مولانا حکیم کلیم اللہ، مولانا رحمت اللہ کشمیری، مفتی احمد خانپوری، مولانا انوارالرحمن، سید انظر حسین میاں دیوبندی، مولانا محمود راجستھانی، مفتی نظام الدین خاموش، مولانا عبدالصمد بنگال اور مفتی ابوالقاسم نعمانی، مفتی سعید پالنپوری نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×