احوال وطن

زبان و قلم پر مضبوط گرفت بنائیں طلبہ : مفتی ابوالقاسم نعمانی

دیوبند،20؍ ستمبر(سمیر چودھری) دارالعلوم دیوبند کے طلباء کی قدیم مرکزی انجمن ’ بزم سجاد ‘ کا افتتاحی اجلاس گزشتہ شب دارالحدیث تحتانی میں منعقد ہوا ،جس کی صدارت مولانا منیر عثمانی استاذ دارالعلوم دیوبند نے کی اور نظامت کے فرائض مولوی مزمل ارریاوی نے انجام دیئے۔ جلسے کا افتتاح قاری ارشاد استاذ تجوید دارالعلوم دیوبند کی تلاوت سے ہوا، مولوی فرمان و محمد عمران پورنوی نے نعت پیش کی جبکہ مولوی عبد الحق ارریاوی اور مولوی علی ارریاوی شاندار تقاریر پیش کیں۔پروگرام میں بیس افراد پر مشتمل ایک دلچسپ مکالمہ (دفعہ370 اور این سی آر) پر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دارالعلوم و دیوبند کے استاذ حدیث مولانا عبد اللہ معروفی نے تقریر کے اصول و ضوابط پر شاندار خطاب کیااور انجمن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی۔انہوں نے کہاکہ طلبہ درسی کتابوں کے ساتھ ساتھ زبان و قلم پر مضبوط گرفت بنائے کیونکہ دین کی تبلیغ واشاعت کا یہ سب سے بہترین ذریعہ ہے۔ سجاد لائبریری کے اہم رکن و استاذ دارالعلوم دیوبند مولانا اشرف عباس نے اورنگزیب عالمگیر رحمۃ اللہ علیہ پر ایک جامع خطاب کرتے ہوئے اورنگزیبؒ کی حیات و خدمات اور ان کے دور اقتدار کے اصول وضوابط سے حاضرین طلبہ کو روشناس کرایا۔ آخر میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنے پرمغز خطاب میں طلبہ کو اپنی قیمتی نصیحتوں سے نوازتے ہوئے اولاًعمدہ پروگرام پیش کرنے اور جلسہ کی کامیابی پر اراکینِ بزمِ سجاد اور رفقاء کار کو مبارک باد دی اور کہا کہ ملک و قوم کی صحیح حفاظت کی ذمہ داری آپ طالبان علوم نبوت پر عائد ہوتی ہے، یہاں کے فضلاء کے لیے ضروری ہے کہ امت مسلمہ کے احوال پر نظر رکھے، آج ہر طرف ہمارے خلاف سازشیں ہورہی ہے، لیکن اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ اسلام کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔جلسہ کا اختتام حضرت مولانا معین الدین قاسمی نگراں دارالافتاء دارالعلوم دیوبند کی دعا پر ہوا۔ پروگرام میں خصوصی طورپر مولانا نعمت اللہ،مفتی کلیم، مولانا توحید بجنوری، مولانا صدر عالم، مولانا جمال دربھنگوی، مفتی سراج ، کاتب عبد الجبار اور ناظم مہمان خانہ مولانا مقیم الدین وغیرہ نے کے علاوہ طلبہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×