احوال وطن

مولانا حبیب الرحمن ثانوی لدھیانویؒ کے انتقال پر علمی حلقوں کی فضاء مغموم

دیوبند،10؍ ستمبر(سمیر چودھری)شاہی امام پنجاب ،امیر الاحرار،مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی کا گذشتہ شب دوران علاج اسپتال میں انتقال ہوگیا۔جیسے ہی ان کے انتقال کی خبر دیوبند پہنچی یہاں کے علمی حلقے علمائے کرام مدارس کے ذمہ داران واساتذہ کے علاوہ ادبی وسماجی حلقے بھی سوگوار ہوگئے۔اس عظیم سانحہ پر متعدد علمائے کرام،اساتذہ کہ سماجی شخصیات نے اہل پنجاب وجملہ پسماند گان سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی ہے۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مجلس احرار کے رہنمامولانا حبیب الرحمن لدھیانوی ثانی کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا مولانا مرحوم کی وفات ملک کے لئے خصوصاً اہل پنجاب کے لئے بڑا سانحہ ہے۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولا نا محمد سفیان قاسمی نے مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہ مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی ایک بیباک عالم دین تھے اور حکومت کے ہر غلط فیصلے کے خلاف آواز بلند کرنے میں پیش پیش رہتے تھے، آپ نے مجلس احرار اسلام ہند کے ذریعہ سے صوبہ پنجاب میں بڑے اہم امور انجام دئیے۔دارالعلوم وقف کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی سے ان کے گھرانے کے قریبی تعلق تھے، مرحوم بڑے جری قسم کی شخصیت کے مالک تھے پنجاب میں انہوں نے مسلمانوں کے لئے بڑی دینی خدمات انجام دیں وہ پنجاب کے مسلمانوں کے لئے مضبوط قلعہ کی حیثیت رکھتے تھے پنجاب کی حکومتیں بھی آپ کا بڑا احترام کرتی تھیں اور آپ کی باتوں ومشوروں پر عمل کرتی تھیں۔ماہ نامہ ترجمان دیوبند کے مدیر اعلیٰ مولانا ندیم الواجدی نے مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم ہمیشہ حکومت کے غلط فیصلوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہے اور مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آوازیں بلند کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی تمام خدمات کو قبول فرمائے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر مولانا حکیم محمد عبد اللہ مغیثی نے اپنا گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے بے باک وجری عالم کے دنیا سے چلا جانا ملت اسلامیہ کا بڑا خسارہ ہے ہزاروں مسلمان عوام وخاص آپ کے دامن تر بیت سے وابستہ ہوکر فیض صحبت سے مستفید ہوئے بلاشبہ ان میں کاہرے فرد آپ کے لئے صدقہ ٔ جاریہ ہے اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کے ساتھ لطف وکرم اور رحمت کا معاملہ فرمائے ۔عید گاہ وقف کمیٹی کے سکریٹری مولوی محمد انس صدیقی اور جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جری وبہادر شخص کا داعیٔ اجل کو لبیک کہنا ملت اسلامیہ خصوصا پنجاب کے مسلمانوں کا بڑا خسارہ ہے۔ جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم والصنعہ کے مہتمم مولانا ابراہیم قاسمی نے مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی کے انتقال پر گہرے افسو س کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ دعوتِ اسلام،دینی و عصری تعلیم سے مسلمانانِ ہند کو مربوط کرنے کی مساعی جیسے کئی ایک آپ کی لائقِ رشک حیات کے پہلو ہیں۔جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ کے شیخ الحدیث اور مہتمم مفتی خالدسیف اللہ نقشبندی اورماہنامہ صدائے گنگوہ کے ایڈیٹر مفتی محمدساجدکھجناوری نے مولانا لدھیانوی کی رحلت پر اپنے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ رئیس احرار مولاناحبیب الرحمن ثانی کی وفات سے پنجاب اور قریب کی ریاستیں اپنے ایک حوصلہ مند دینی وملی قائد سے خصوصا محروم ہوئی ہیں ، وہ ختم نبوت اور دوسرے دینی وملی شعبوں میں اپنی بساط بھر کاوشوں کیلئے ہمیشہ یاد کیے جاتے رہیں گے۔

Related Articles

One Comment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×