ریاست و ملک

دارالعلوم دیوبند میں گیارہ ماہ بعد تعلیم کا آغاز

دیوبند،10؍ فروری(سمیر چودھری)عالمی وباء کورونا کی وجہ سے ملک میںنافذ ہوئے لاک ڈاؤن کے سبب گزشتہ تقریباً گیارہ ماہ سے متاثرہ تعلیمی سلسلہ کا ایک مرتبہ پھر آغاز ہونے سے تعلیمی اداروں کی رونقیں بھی بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں،مرکزی وزارت داخلہ اور حکومت اترپردیش کی جانب سے گائیڈ لائن ملنے کے بعد طویل انتظار کے بعد آخر کار تمام دینی و عصری اداروں کے دروازے بھی طلبہ کے لئے کھول دیئے گئے ہیں،حالانکہ ابھی ہوسٹل اور چھوٹے بچوں کی تعلیم کے آغاز کے لئے مزید انتظار کرنا ہوگا۔ اسی کے تحت آج سے عالمی شہرت یافتہ دینی ادارہ دارالعلوم دیوبند میں بھی تعلیمی رونقیں بحال ہونے لگی اور آج سے ادارہ میں حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق تعلیم سلسلہ کا باضابطہ طورپر آغاز کردیاگیاہے۔بدھ کے روز سے دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ نے مقامی طلبہ کے لئے حفظ و ناظرہ قرآن پاک اور دینیات کی درسگاہیں کھول دی ہیں،آج سے ان درجات میں باضابطہ تعلیم کا آغاز ہوگیاہے، لاک ڈاؤن کے بعد سے دارالعلوم دیوبندمکمل طورپر بند تھا۔حالانکہ عربی درجات کے طلبہ کو ابھی مزید انتظار کرنا پڑیگا ،کیونکہ جب تک حکومت کی جانب سے اقامتی درسگاہوں کے لئے باضابطہ طورپر واضح گائیڈ لائن سامنے نہیںآتی ہے اس وقت تک دارالعلوم دیوبند میں دیگر درجات کی تعلیم شروع نہیں ہوگی،لیکن دارالعلوم دیوبند اور دیگر عصری و دینی ادارے کھلنے کے بعد امید ظاہر کی جارہی ہے جلد ہی ادارہ میں مکمل تعلیم نظام شروع ہوجائیگا ۔ وہیں ایک طرف جہاں دارالعلوم دیوبند کھلنے سے دیگر اداروں کے ذمہ داران کے لئے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے ،وہیں طلبہ کی حفاظت کے لئے تمام احتیاطبی تدابیر اور ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس بابت دارالعلوم یوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے بتایا کہ حفظ و ناظرہ اور دینیات کے لئے ادارہ میں باضابطہ تعلیم کا آغاز کردیاگیاہے، حکومت کی مزید گائیڈ لائن موصول ہونے کے بعد دیگر درجات کی تعلیم کا سلسلہ بھی شروع کردیاجائیگا، انہوں نے بتایاکہ طلبہ کی صحت کے تئیں ادارہ نہایت سنجیدہ اور حساس ہے اور حکومتی گائیڈلائن کے مطابق سبھی احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×