احوال وطن

قرآن حکیم ہی اصل اصول اور دین اسلام کی بنیاد ہے

دیوبند: 14؍ جنوری(سمیر چودھری) جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند میںایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں تکمیلِ حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کرنے پر عبدالصمددہلوی کی دستار بندی بھی علماء کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے کہا کہ قرآن کریم ایک ہمہ گیر پیغام ہے ، آج سارے عالم میں حریت اور مساوات کا غلغلہ ہے ، یہ سب قرآن ہی کے مرہون منت ہے ۔ درحقیقت قرآن کریم وہ زندہ کتاب ہے جس نے پرانے توہمات اور تخیلات کو مٹاکر ان کی جگہ ایسے اعمال کی بنیاد رکھی جو انسانیت کے لئے مفید اورکارآمد ہونے کے ساتھ ساتھ اصلاح عالم اور امن عالم کے لئے نسخۂ کیمیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر قرآن کریم کے ان اصولوں اور ضابطوں کو اپنالیا جائے تو آپسی منافرت اور تاریکی کے بادل جلد چھٹ سکتے ہیں، اخوت ومحبت اور ہمدردی کا دور دورہ ہوسکتا ہے ۔ مولانا نے کہا کہ قرآن حکیم ہی اصل اصول اور دین اسلام کی بنیاد ہے ، تمام علوم وفنون قرآن کے بعد یا قرآن کی تفسیر وتشریح ہیں ۔ یہ کتاب سرچشمۂ ہدایت ہے، اس سے مکمل وابستگی دنیوی و اخروی کامرانیوں کی ضمانت ہے۔ انہو ںنے عزیزم عبدالصمد سلمہ، اس کے والدین، اس کے اعزہ و اقربا اور اس کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند کے استاذِ حدیث و نائب ناظمِ تعلیمات مولانا فضیل احمد ناصری نے بھی قرآن عظیم کی عظمت پر روشنی ڈالی اور حافظ عبدالصمد اور اس کے خاندان مبارک باد کے مستحق ہیں۔ مفتی نثار خالد دیناجپوری استاذِ حدیث کی دعا پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر مفتی نوید دیوبندی، مولانا محمد سعید پالن پوری، مولانا ابوطلحہ اعظمی، مولانا بدرالاسلام، مولانا عمر اعجاز، مولانا مفتی عبید انور شاہ، مفتی نوید، مولانا عثمان دیوبندی، قاری بلال احمد، مولانا ثاقب، حافظ حمدان شاہ، مولانا زکی، مولانا سلیم عثمانی وغیرہ کے علاوہ حافظ عبد الصمد کے اہلِ خانہ نے بھی موجود رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×