احوال وطن

ممتاز عالم دین مولانا ندیم الواجدی کی چار نئی کتابوں کا رسم اجراء

دیوبند: یکم؍جنوری (سمیر چودھری) دارالکتاب کے واجدی ہال میں دیوبند کے معروف عالم دین ونثر نگار مولانا ندیم الواجدی کی چار نئی کتابوں ’انسانی مسائل اسلامی تناظر میں‘لہو پکارے گا آستیں کا ‘نگارشات اور قرآن کریم کے واقعات کا اجراء علماء اور دانشوران کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ سادہ تقریب رسم اجراء میں شرکت کے دوران یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے مولانا ندیم الواجدی کو ایسا عالم دین قرار دیا جو مذہب وسماج پر بہت گہری نظر رکھتے ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں گوناگوں صلاحیتوں سے مالا مال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں اردو قلمکاروں میں مولانا کا نام انتہائی وقار اور اعتبار کے ساتھ لیا جاتا ہے ان کی تحریروں میں ادبی چاشنی بھی ہے اور ملی درد بھی،مولانا کی کم وبیش چھ درجن سے زائد کتب منظر عام پر آچکی ہیں۔عبید اقبال عاصم نے کہا کہ یہ چاروں کتابیں بھی موجودہ زمانے کے نئے تقاضوں اور نئی نسل کے ذہن کو سامنے رکھتے ہوئے ان مضامین پر مشتمل ہیں جن میں ہم سب کے لئے درس عبرت بھی ہے اور موعظت ونصیحت بھی اس لئے مولانا قابل مبارکباد ہیں ۔ ممتاز ادیب اور دارالعلوم وقف کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا ندیم الوجدی جیسا عالم، محقق، نامور صاحب قلم اور صاحب اسلوب شخصیت کی کتابوں کا اجرا ء حقیقی اور روحانی مسرت ہوتی ہے، ایک صاحب کمال کی وسعت نظر کے جب اتنے نمونے سامنے آتے ہیں تو قلبی اطمینان ہوتا ہے کہ ہمارے درمیان ابھی وہ لوگ موجود ہیں جو تحریر وقلم،تصنیف وتالیف،تحقیق وجستجو کا معیار ہیں اور دیوبند کی بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں۔ دیوبند 1950سے اس میدان میں جس امتیاز کا مالک ہے اس امتیاز کی بقا اور سلامتی میں مولانا ندیم الواجدی کا کردار اساسی اور اہم ہے۔ ان کی 4 کتابیں اس وقت منظر عام پر آئی ہیں وہ اصحاب علم،اصحاب نظر اور ہر صاحب ذوق کے لیُ ایک بہترین تحفہ ہیں۔ مولانانے اپنے معاصرین میں سب سے زیادہ لکھا ہے اور بھرپور اظہار کمال کے ساتھ لکھا ہے، بلاشبہ مولانا ندیم الواجدی اس عہد کے بلند پایہ قلمکار اورنامور محقق عالم ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نعمان دانش نے اس بات کو اپنی خوش نصیبی قرار دیا کہ مولانا ندیم الواجدی ان کے رفیقوں میں سے ہیں اور ہمیں ان کی تحریر وتقریر سے فیض حاصل کرنے کا موقع ملتا رہتا ہے ،ان چار نئی کتب کے اجراء کے موقع پر انہوں نے اپنی دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مولانا ندیم الواجدی کو دلی مبارکباد پیش کی۔ مصنف کتاب مولانا ندیم الواجدی نے اس موقع پر تقریب میں شریک تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر حافظ عالم عثمانی، سہیل صدیقی، مولانا محمود الرحمن ، فہیم صدیقی، رضوان سلمانی، عارف عثمانی، عبدالرحیم وغیرہ موجود رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×