ہمیں اپنے بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم سے آراستہ کرنا چاہئے: مفتی عفان منصورپوری
دیوبند،26؍ دسمبر (سمیر چودھری) حافظ محمد انور نمبر دار کے پوتے حافظ اشاذ معظم کے حفظ قرآن مکمل کرنے پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد وینکٹ ہال میں کیا گیا،جس میں شہر کے سرکردہ افراد نے شرکت کی ۔اس موقع پر مشہور دینی ادارہ مدرسہ جامع مسجد امروہہ کے استاذ حدیث اور معروف عالم دین مفتی عفان منصورپوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزیزم حافظ اشاذ معظم اور اساتذہ و والدین سبھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ واقعتا قرآن کریم اللہ کا وہ کلام ہے جس کا اعزاز پہلے دن سے قائم ہے اور جب تک یہ دنیا قائم رہے گی قرآن پاک اپنے اعزاز کا اعلان کرتا رہے گا۔انہوںنے کہا کہ دنیا کی یہ واحد کتاب ہے جو سب سے زیادہ پڑھی جاتی ہے ۔باقاعدہ لوگوں نے اس پر ریسرچ کی ہے ۔دنیا کے نظام کو صبح و شام کے معمولات کو سامنے رکھ کر یہ نتیجہ نکالا گیا کہ 24گھنٹے میں کوئی ایک لمحہ بھی ایسا نہیں گذرتا کہ دنیا کے کسی خطہ میں اللہ کے کلام کو پڑھا نہ جا رہا ہو ۔جس انسان کو قرآن پاک کی شکل میں یہ نعمت عظمیٰ نصیب ہو گئی ،دنیا کی بڑی سے بڑی نعمت و دولت اس کے مقابلہ میں بے حیثیت ہے ۔انہوںنے کہا کہ یہ بھی اللہ تبارک وتعالی ٰ کا کرشمہ ہے کہ چھوٹے چھوٹے بچے کلام پاک کو اپنے سینوں میں محفوظ کر لیتے ہیں۔مولانا نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن پاک کی تلاوت کو اور اس کے تقاضوں پر عمل کو ہمارے لئے آسان فرمایا ۔انہوںنے کہاکہ اگر قرآن کے ان اصولوں اور ضابطوں کو اپنا لیا جائے تو آپسی منافرت اور تاریکی کے بادل جلدی چھٹ سکتے ہیں ۔اخوت اور ہمدردی کا دور دورہ ہو سکتا ہے ۔مولانا نے کہا کہ قرآن حکیم ہی اصل اصول اور دین اسلام کی بنیاد ہے۔تمام علوم و فنون قرآن کے بعد یا قرآ ن کی تفسیر و تشریح ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہمیں اپنے بچوںکو قرآن پاک کی تعلیم سے آراستہ کرنا چاہئے ،اسی میں ہماری کامیابی ہے ۔بعد ازاں حافظ اشاذ معظم کی دستان بندی بھی عمل میں آئی ۔اس موقع پر اشاذ معظم کے والد ملک معظم نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔اس دوران کانگریس کے سابق اسمبلی رکن عمران مسعود ،فہیم نمبر دار ،قاری رائو ساجد ،مظہر جبار ،سرور عثمانی،مولانا نسیم اختر شاہ قیصر ،مولانا زین الدین قاسمی ،قاری وامق ،مولانا دلشاد قاسمی ،محمد ساجد ،سید حارث،محمد اعظم سمیت بڑی تعداد میں شہر کے افراد موجود رہے ۔