فخر المحدثین مولانا سید انظر شاہ کشمیریؒ کی اہلیہ کا انتقال
دیوبند: 25نومبر (سمیر چودھری) فخرالمحدثین حضرت مولانا انظر شاہ کشمیریؒ کی اہلیہ اور دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث و جامعہ امام محمد انور شاہ کے مہتمم مولانا سیّد احمد خضر شاہ مسعودی کی والدہ کی آج صبح ساڑھے سات بجے 80؍ سال کی عمر میں وفات ہوگئی۔ مرحومہ شوگر کی مریضہ تھیں، گزشتہ شام مرحومہ کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، شوگر میں شدید اضافے کے ساتھ ہارٹ اٹیک بھی ہوا، فوری طور پر مقامی معالج کے یہاں داخل کرایا گیا،جہاں آج صبح ان کا انتقال ہوگیا۔ مرحومہ قاری عتیق احمد مرحوم استاذ دارالعلوم دیوبند کی صاحبزادی تھیں، سلیقہ مند اور گھریلو خاتون تھیں، نماز روزہ اور دیگر معمولات کی پوری عمر پابند رہیں، بلند اخلاق، سنجیدگی اور قدیم روایتوں کی مالک تھیں، مرحومہ کا انتقال شاہ خاندان خصوصاً مولانا سیّد احمد خضر شاہ مسعودی اور ان کی صاحبزادیوں کے لیے بڑا صدمہ ہے۔ ان کے حادثۂ وفات کی اطلاع ملتے ہی دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف اور جامعہ امام محمد انور شاہ کے اساتذہ اور کارکنان و شہر کے معزز نمایاں افرادنے تعزیت مسنونہ پیش کی۔ ان کی وفات پر دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہماری ایک بزرگ اور بڑی اس دنیا سے چلی گئیں، انھوں نے لائق ذکر زندگی گزاری اور پورے خاندان میں ان کی حیثیت ایک سرپرست کی رہی، ان کا جانا تکلیف کا سبب ہے، اللہ تعالیٰ انھیں اس جہاں کی نعمتوں اور رحمتوں سے نوازے۔ ماہ نامہ ’’ترجمانِ دیوبند‘‘ کے مدیر اعلیٰ مولانا ندیم الواجدی اور دارالعلوم وقف کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے مرحومہ کے انتقال پر گہرے رنج و الم کااظہار کیا۔ مرحومہ کی نماز جنازہ بعد نماز عصر عیدگاہ کے میدان میں دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانامحمد سفیان قاسمی نے ادا کرائی اور قبرستانِ انوری میں تدفین عمل میں آئی۔تعزیت کرنے والوں میں دارالعلوم وقف کے نائب مہتمم مولانا شکیب قاسمی، دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی،جامعۃ الشیخ حسین احمد مدنی کے مہتمم مولانامزمل علی قاسمی،دارالعلوم وقف کے استاذ حدیث مولانا اسلام قاسمی،دارالعلوم دیوبند کی شوریٰ کے رکن مولانا انوارالرحمن بجنوری،تقی الدین ندوی دبئی، دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا نعمت اللہ اعظمی، مولانا سلمان بجنوری، مولانا مجیب اللہ گونڈوی، مولانا خضر احمد کشمیری، مولانا مزمل مظفرنگری، مولانا ساجد ہردوئی،مفتی ساجد کھجناوری، مولانا راشد ہردوئی، مولانا عارف جمیل مبارک پوری،مولانا شمشاد رحمانی، مولانا طلحہ اعظمی، مولانا فضیل ناصری، معروف قلم کار سیّد وجاہت شاہ، ڈاکٹر انور سعید، ڈاکٹر اختر سعید، قاری فوزان، مفتی راشد اعظمی، مسلم فنڈ ٹرسٹ کے مینیجر سہیل صدیقی، بدرکاظمی، ڈاکٹر ایس اے عزیز،ماسٹر اسلام، فائز سلیم صدیقی ، رضوان سلمانی، عارف عثمانی، فہیم صدیقی، فہیم عثمانی، معین صدیقی، سمیر چودھری، نوشاد عثمانی، اطہر عثمانی ، اشرف عثمانی، ایم افسر، شہزاد عثمانی، مشرف عثمانی وغیرہ نے تعزیت مسنونہ پیش کی۔