احوال وطن

مدارس میں حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق ہی تعلیم دی جائے

دیوبند،8؍ اکتوبر(سمیر چودھری)گزشتہ چھ ماہ سے زائد وقت سے بند پڑے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے لئے حکومت ہند کی جانب سے گائڈ لائن جاری کرکے آئندہ15؍ اکتوبر سے ضروری احتیاطی اقدامات کے ساتھ مرحلہ وارطریقہ سے تعلیمی ادارے کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے،اس سلسلہ میں آج دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی کی قیادت میں مظاہر علوم سہارنپور و دیگر علماء کے ایک وفد نے سہارنپور پہنچ کر ڈی ایم اکھلیش سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور آئندہ 15؍ اکتوبر سے دینی ادارے بھی کھولنے کے لئے گائیڈ لائن جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔جس پر ڈی ایم سہارنپور اکھلیش سنگھ نے مثبت یقین دہانی کرائی ہے۔ اس سلسلہ میں وفد میں شامل جامع مسجد سہارنپور کے منیجر مولانا محمد فرید مظاہری نے بتایا کہ آج دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق، مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور سمیت دیگر مدارس کے ذمہ داران نے ڈی ایم سہارنپور سے ملاقات کیں اور مدارس کے کھولے جانے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ضلعی سطح پر گائیڈ لائن جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے کہاگیاہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے زائد عرصہ سے عالمی وباء کوورنا کے سبب عصری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمی ادارے بھی مکمل طورپر بند ہیں،اس سلسلہ میں حکومت نے انلاک 5؍ کی گائیڈ لائن کے تحت آئندہ 15؍ اکتوبر سے حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے کچھ ضروری شرائط اور والدین کی اجازت کے بعد کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے،اس پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے مدارس کو بھی آئندہ15؍ اکتوبر سے کھولنے کی اجازت فراہم کرائی جائے۔ مولانا فرید مظاہری نے کہاکہ تمام مدارس انتظامیہ کی گائیڈ لائن کا پاس و لحاظ رکھیں گے اور سماج کو صحت مند بنائے رکھنے میں اپنابھرپور تعاون کرینگے۔ نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی ایم نے کہاکہ ابھی تعلیمی سلسلے میں حکومت کی جانب سے مزید گائڈ لائن آناباقی ہے ،اس وقت تک آپ لوگ اپنے یہاں کوڈ19 کے لئے جو گائیڈ لائن سرکار کی جانب سے مقرر ہے اس کے مطابق تیاری کریں ۔ مولانا فرید مظاہری کے سوال کے جواب میں ڈی ایم نے بتایا کہ سوشل ڈسٹینسنگ اور ضروری احتیاطی اقدامات و انتظامیہ کی گائیڈ لائن کے مطابق ہی تعلیم دی جائے گی۔ڈی ایم نے کہا کہ طلبہ اپنے والدین اور ذمہ داروں سے تحریری طور پر اجازت لے آئیں ۔مزید چند یوم انتظار کرنے کی بات کہتے ہوئے ڈی ایم نے وفدکو مثبت یقین دہانی کرائی اور کہاکہ جلد ہی گائیڈ لائن جاری کرکے ضروری ہدایات دے دی جائینگی۔وفد میں مولانا عبدالخالق مدراسی اور مولانا فرید مظاہری کے علاوہ مظاہر علوم سہارنپور سے مولانا ساجد کاشفی اور مولانا عبداللہ خالد قاسمی وغیرہ موجودرہے۔وہیں اس سے قبل گزشتہ روز رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کے سہارنپور زون کے ذمہ داران نے مولانامحمد اختر قاسمی کی قیادت میں ڈی ایم سہارنپور کو میمورنڈم دے کر مدارس اسلامیہ کو آئندہ 15؍ اکتوبر سے کھولنے کی ہدایت جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔ قاری سعید،مولانا حبیب اللہ قاسمی،مولانااطہر حقانی،مولانا محمد یامین قاسمی،پیرزادہ شیر شاہ اعظم،حاجی فضل الرحمن نانکوی،مفتی عطاء الرحمن وغیرہ موجود رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×