احوال وطن

مظاہر علوم سہارنپور کے ناظم اعلیٰ مولانا سید سلمان کا انتقال عظیم علمی خسارہ

دیوبند،20؍ جولائی(سمیر چودھری)مشہور و معروف دینی ادارہ جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے ناظم اعلیٰ مولاناسید محمد سلمان کے انتقال کی خبر سے یہاں علمی حلقوں کی فضاء مغموم ہوگئی۔ مولانا سید سلمان کچھ دنوں سے علیل تھے ،آج میرٹھ میں دوران علاج ان کی وفات ہوگئی ۔مولاناکے انتقال کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعہ وائرل ہونے کے بعد عالم اسلام سمیت ہندوستان بھر کے مدارس اسلامیہ ، ملی تنظیموں و ملت اسلامیہ کے لئے گہرے صدمہ کاباعث بنی۔مولانا سلمان کے انتقال پر ملک کی نامور شخصیات بشمول مہتمم دارالعلوم دیوبند، مظاہر علوم سہارنپور، ندوۃ العلماء لکھنؤ،جمعیۃ علماء ہند وغیرہ دینی و ملی ادارہ کے ذمہ داران نے گہرے رنج و الم کااظہا رکیا اور حضرت مرحو م کے انتقال کو عظیم علمی وملی خسارہ قرار دیا۔مولانا سیدمحمدسلمان کا شمار ان ممتاز شیوخ اور علماء میں ہوتا ہے جنھوں نے اپنی علمی، دینی، اصلاحی اور تدریسی خدمات سے ایک سنہری تاریخ رقم کی ہے۔
دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے مولانا محمد سلمان مظاہری کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک وملت کا عظیم خسارہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مولانا مرحوم کا انتقال یقینی طورپر علمی حلقوںکے لئے عظیم سانحہ ہے، ان کی علمی و ملی خدمات ناقابل فراموش ہیں اللہ تبارک و تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء فرمائے۔جمعیۃ علماء ہند کے صدر قاری سید عثمان منصور پوری نے مولانا سید سلمان کے انتقال کو عظیم علمی و ملی خسارہ سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کے جانے سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اسکی بھرپائی مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم شیخ زکریاؒ کے عزیزوں میں سے تھے۔دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہہتمم مفتی شریف خان قاسمی نے مولانا سید سلمان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہا رکرتے کہاکہ حضرت مرحوم کے انتقال سے جامعہ مظاہر سہارنپور اپنے سرپرست سے محروم ہوگیا، اللہ پاک حضرت مرحوم کی بال بال مغفر فرمائے۔ ممتاز عالم دین مولاناندیم الواجدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا سید سلمان کے علمی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے علمی اوردینی خدمات کی عظیم الشان مثال پیش کی ہے۔ ان کاجانا یقینی طورپر ہمارے لئے گہرے صدمہ کا باعث ہے اللہ پاک مرحوم کی اعلیٰ خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے اور اور درجات بلند فرمائے۔دارالعلوم وقف دیوبندکے استاذ حدیث مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و مغم کااظہار کرتے ہوئے ان کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ مولانا مرحوم جماعت دیوبند کے ممتاز فرد تھے ان کارخصت ہونا علمی حلقوںکا عظیم خسارہ ہے ،اللہ پاک حضرت مرحوم کی خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے اور ملت کو ان کانعم البدل عطا فرمائے۔ علاوہ ازیںعالمی روحانی تحریک کے سربراہ مولانا حسن الہاشمی، جامعۃ الشیخ حسین احمدمدنی کے مہتمم مولانا مزعلی قاسمی، معروف روحانی معالج حافظ فہیم عثمانی،نامور قلمکار مفتی ساجد کھجناوری، جامع مسجد سہارنپور کے منیجر مولانا فریدمظاہری ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی وغیرہ نے بھی حضرت مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و الم کااظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×