مجلس تحفظ ختم نبوت کے آن لائن شروع کئے عقیدہ سے متعلق پروگرام
دیوبند: 13؍ جولائی(سمیر چودھری)مجلس تحفظ ختم نبوت دہلی کے تمام پروگرام آن لائن کردیے گئے ،تمام مساجد میں ہونے والے بیانات کا سلسلہ آن لائن سسٹم سے جوڑ دیاگیا ۔گزشتہ شب مجلس کے آن لائن سسٹم کا افتتاح دار العلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابو القاسم نعمانی اور کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت کے استاذ مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے کیا ۔آن لائن سسٹم پر مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے نظامت کے فرائص انجام دیتے ہوئے تلاوت قرآن مجید سے پروگرام کا آغاز کیا۔ مختصراً سسٹم کا تعارف کراتے ہوئے مولانا گورکھپوری نے بتایا کہ ہندوستان میں مجلس تحفظ ختم نبوت کی تاریخ کا یہ پہلا دن ہے جس میں زمینی ورک سے مکمل طور پرجڑے رہنے کے ساتھ ساتھ دور حاضر کے پیش آمدہ حالات میں جدید آلات اور آن لائن سسٹم سے بھی مجلس کے کام جوڑے جارہے ہیں۔چونکہ حکومتی قوانین اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اجتماعات اور اسفار اب مشکل ہوتے جارہے ہیں اس لیے عقائد اورعقائد کے توسط سے اعمال کی حفاظت کے لیے اس سسٹم کو اپنا ضروری ہوگیا ہے۔آن لائن خطاب کرتے ہوئے مہتمم مفتی ابو القاسم نعمانی نے عقائد کی اہمیت اور موجودہ نظام سے جڑکر کام کرنے کی افادیت اور ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ممبران کے اصرار اور وقت کے تقاضے کے پیش نظر مجلس تحفظ ختم نبوت دہلی کے تحت آن لائن پروگرام کا انعقاد کیا گیا،جس کی آج پہلی افتتاحی مجلس ہے۔ دوران خطاب مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مجلس کے ذمہ داران و کارکنان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے علم کلام اور عقیدہ کی اہمیت کے حوالہ سے کہاکہ عقیدہ اور علم کلام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انسان کے اعمال کی قبولیت کا دار و مدار عقیدہ کی صحت پر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیشہ دشمنان اسلام نے عقیدہ اور علم کلام ہی کو بنیاد بنا کر مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی اور مختلف ناموں سے فرقہ وجود میں آتے رہے اس لیے عقیدہ اور علم کلام کی حفاظت سب سے زیادہ ضروری ہے اور یہ کام مجلس تحفظ ختم نبوت کے ذریعہ سے پورے ملک میں انجام دیا جا رہا ہے۔مردوں کے علاوہ باپردہ خواتین کو بھی اسلامی عقائد میں پختہ فکر بنانا مجلس کے اہم کاموں میں سے ہے۔انہوں نے کہاکہ صحیح عقیدہ سے اسکول اور کالج کے طلبہ کو ہمارے بچوں کو اور ہماری بچیوں کو واقف کرانا اور ان کا اس کام کے لیے تیار کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اساتذۂ دار العلوم کے مشورہ سے مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے’’اسلامی عقائد و معلومات‘‘ کے نام سے عقیدہ کے موضوع پر بہت ہی اہم کتاب تیار کی ہے، جو وقت کی اہم ضرورت ہے، ارباب مدارس کو چاہئے کہ اسے اپنے ابتدائی نصاب اور درجہ حفظ میں شامل کریں،بچوں کو زبانی یاد کرائیں، طلبا میں شوق پیدا کرنے کے لئے تشجیعی اور مسابقاتی پروگرام منعقد کریں۔ دہلی مجلس ہیڈ کواٹر مدرسہ زینت العلوم دکھشن پوری دہلی کے صدر قاری ربیع الحسن اور سکرٹری قاری عارف جمال امام مسجد اصلاح بٹلا ہاؤس ذاکر نگردہلی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب تمام ہفتہ واری اجلاس آئن لائن ہواکریںگے جس میں ملک کے ماہرفن علماء سے استفادہ آسان ہوگیا ہے ۔پہلے یہ پروگرام مسجد اصلاح میں ہر سنیچر بعد نماز عشاء ہوا کرتا تھا اور اب اس کا دائرہ دہلی کے دیگر مساجد اور کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت سے جڑے ہوئے حلقہ وار مجالس کے لیے بھی وسیع کر دیا جائے گا۔ مجلس کے اہم ذمہ دار حافظ ابرار احمد کے ذریعہ سافٹ ویئر کا کام مکمل کرایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پروگرام کے آرگنائزر مولانا شہباز قاسمی ،مولانا وقاضی محمد کامل،مفتی محمد صدیق محی الدین اور مفتی اکمل یزدانی بھوپال نے بھی خطاب کیا۔مولانا انصار اللہ قاسمی حیدرآباد ،فرحان دہلی،احمر دہلی نے مجلس تحفظ ختم نبوت دہلی کے ذمہ داران کو مبارک باد دی ۔ تحفظ دین میڈیا کے انچارج قاری ضیاء الرحمن وغیرہ بطور خاص آن لائن شریک رہے۔