احوال وطناداریہ

شیخ الہند ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے دی گئی 500؍ پی پی ای کٹس

دیوبند، 30؍جون (سمیر چودھری)کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے دور میں جمعیۃ علماء ہند اور شیخ الہند ایجوکیشنل اینڈ چیری ٹیبل ٹرسٹ کی طرف سے جامعہ زینب للبنات دیوبند (اسلامک گرلز اسکول) کے زیراہتمام تیارکردہ 500 پی پی ای کٹس آج سہارنپور ضلع کلکٹر کے حوالے کی گئیں۔ یہ کٹس جامعہ کی طالبات نے جانفشانی کے ساتھ ہیلتھ جانبازوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار کی ہیں۔ جامعہ زینب للبنات میں اسلامی ماحول میں عصری تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ دی جاتی ہے۔ یہ کٹس آج ضلع مجسٹریٹ اکھیلیش سنگھ اور ضلع چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر بی ایس سوڈھی کی موجودگی میں جامعہ زینب للبنات اور جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داروں نے پیش کیں اورکورونا وائرس کے خلاف اس جنگ میں اپنی جدوجہد کا عزم دہرایا۔ جمعیۃ علماء کے اس وفد میں مولانا ظہور احمد صدر جمعیۃ علماء سہارنپور، مولانا فرید مظاہری اور جامعہ زینب للبنات کے ذمہ دار مولانا حسین احمد مدنی شریک تھے۔اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری اور اس تحریک کے روح رواں مولانا محمود مدنی نے اپنے پیغام میں ہیلتھ پروفیشنلزکے لیے خصوصی طور سے خراج تحسین پیش کیا۔ ساتھ ہی اس مشکل دور میں جمعیۃ علماء کا یہ عزم دوہرایا کہ وہ ملک کی خدمت اور طبی عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن جد وجہد جاری رکھے گی۔ یہ بھارت کی تہذیب اور اس کی وراثت کا حصہ ہے کہ مصیبت کے وقت میں سبھی طبقے ایک دوسرے کے تعاون میں کھڑے ہوتے ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند شروع دن سے ضرورت مندوں تک امداد رسانی، طبی ہدایات کو لے کر عوامی بیداری اور ہیلتھ جانبازوں کی حوصلہ افزائی کرتی آرہی ہے۔ آج جب کہ کورونا وائرس کی مصیبت گہری ہوتی جارہی ہے۔ ہمیں زیادہ وسائل اور حوصلے سے میدان میں آنے کی ضرورت ہے۔ ہیلتھ جانباز اور پروفیشنلز ہمارے لیے ڈھال بن کر کام کررہے ہیں۔مولانا مدنی نے جامعہ زینب للبنات کی طالبات کے اس عمل کی ستائش کی اور کہاکہ طلبہ اور طالبات کو اسی طرح قومی آفات کے وقت ملک کے لیے آگے آنا چاہیے، یہ ایک اچھی تربیت کا بھی مظہر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×