احوال وطن

دارالعلوم دیوبند ہمیشہ فرقہ پرستوں کی نگاہ میں کھٹکتا ہے

دیوبند،یکم ستمبر(سمیر چودھری)صوبائی حکومت کے ذریعہ گائیڈ لائن جاری کئے جانے بعد جہاں آج سبھی اسکولوں میں تعلیمی سلسلہ شروع ہوگیاہے وہیں دینی مدارس بشمول دارالعلوم دیوبند میں بھی ایک مرتبہ پھر طویل انتظار کے بعد تعلیم کا آغاز ہوگیاہے ۔دارالعلوم دیوبند میں آج پہلی مرتبہ باکل الگ طرح کے ماحول میں تعلیم کا آغاز ہواہے، جہاں گزشتہ روز سبھی درسگاہوں کو سینٹائز کیا گیا تھا وہیں آج طلبہ ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھتے ہوئے درسگاہوں میں داخل ہوئے ۔ اس سے قبل بعد نماز مغرب دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں منعقد اصلاحی تقریب میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی نے طلبہ کو خصوصی خطاب کرتے ہوئے موجودہ حالات سے انہیں آگاہ کیا اور کووڈپروٹول اور محکمہ صحت کی گائیڈ لائن پر مکمل عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے اکابرین علماء دیوبند کی زندگی کامطالعہ کرکے ان کی زندگیوں کو اپنے لئے مشعل راہ بنانے اور ہر قسم کے لہو و لعب سے دور رہ کر پورے انہماک کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر توجہ مبذول رکھنے کی نصیحت دی ۔ اس دوران انہوں نے طویل وقفہ تک تعلیمی تعطل پر افسوس کا بھی اظہار کیا لیکن ساتھ ہی اللہ کا شکرادا کرتے ہوئے کہاکہ دیر سے ہی صحیح ایک مرتبہ پھر درس و تدریس کا یہ سلسلہ الحمداللہ شروع ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ وقت بہت سخت ہے ،جس میں انسانی صحت کا تحفظ کیا جانا بہت ضروری ہے جس کے لئے دارالعلوم دیوبند ہمیشہ سنجیدہ اور فکر مند رہتاہے۔ ساتھ ہی مولانا سید ارشد مدنی نے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میںملک میں جو حالات پیدا کئے جارہے ہیںاس میں اسلامی شعار اور دینی درسگاہوں بالخصوص دارالعلوم دیوبند جیسا عظیم ادارہ بھی فرقہ پرستوں کی نگاہ میں کھٹک رہاہے، اسلئے ہمیں اپنے اخلاق و اعمال کو سنت نبوی کے مطابق ڈھالنا چاہئے اور اپنی زندگی سے اسلامی روایات کے مطابق پوری انسانیت کو فیض پہنچانا چاہئے۔مولانا سید ارشد مدنی دارالعلوم دیوبند اور اکابرین علماء دیوبند کی زندگیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ملک کی آزادی میں ان کے کردار کو بھی بیان کیا ساتھ ہی طلبہ کو عہد حاضر کے درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا ۔ دریں اثناء آج ادارہ میں باضابطہ طورپر درسگاہوں کا تعلیم کا آغاز ہوا اور مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے پہلی مرتبہ بطور شیخ الحدیث بخاری شریف کا درس دیا۔ واضح رہے کہ شیخ الحدیث مفتی سعید پالنپوری کے انتقال کے بعد مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کو اہتمام کے ساتھ ساتھ شیخ الحدیث کی ذمہ داری بھی دی گئی ۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی ادارہ کے دسویں مہتمم اور دسویں ہی شیخ الحدیث ہیں۔ واضح رہے کہ مدارس اسلامیہ کے کھلنے کے بعد دیوبند کی رونقیں بھی بحال ہوگئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×