احوال وطن

سوشل ڈسٹینسنگ کی شرائط کے ساتھ کھولے جائیں مذہبی مقامات

دیوبند،30؍ مئی(سمیر چودھری) حکومت و انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاؤ ن میں نرمی دیئے جانے کے بعد اب عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ تمام مذاہب کی عبادتگاہوں کو سوشل ڈسٹینسنگ کی انہیں شرائط کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی جائے ،جس کے تحت بازار کھولنے اور شادی بیاہ کی تقریب میں شرکت کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ آج دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ جب لاک ڈا ؤن میں مختلف شرائط کے ساتھ بازار کھولے جاسکتے ہیں اور شادی بیاہ کی تقاریب ہوسکتی ہیں تو انہیں شرائط کے ساتھ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو بھی کھولاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مسجد میں نماز ادا کرنے میں چند منٹ ہی لگتے ہیں اسلئے سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادتگاہوں کو کھولنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو ماہ سے تمام مذاہب کے لوگ اپنی اپنی عبادت گاہوں میں جاکر عبادت نہیں کرسکے ہیں۔ جبکہ اس دوران شب برأت،ماہ رمضان، الوداع جمعہ اور عید الفطر جیسے تہوار بھی آئے ہیں، مگرلوگوں نے ان مواقع پر بھی حکومت و انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اپنے گھروں میں ہی عبادت کی۔ انہوں نے کہاکہ اب اگر انتظامیہ نے بازاروں کو کھولنے کی اجازت دی ہے تو انہیں شرائط اور سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ مذہبی مقامات کو بھی کھولنے کی اجازت دینی چاہئے، تاکہ لوگ عبادت گاہوں میں جاکر عبادت کرسکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×