احوال وطن

دیوبند کے ہونہار فرزند نے تراویح میں کلام پاک سنانے کے 50سال مکمل کئے

دیوبند، 18؍مئی (سمیر چودھری)قرآن مجید سرچشمۂ ہدایت ہے، جس کا پڑھنا اور سننا دونوں خوش بختی اور رضائے الٰہی کی علامت ہے۔ خاص طور پر جو لوگ قرآن شریف حفظ کرتے ہیں اور اس کو روزانہ پابندی کے ساتھ پڑھنے کے علاوہ تقریباً اپنی پوری زندگی میں تراویح میں پڑھنا اپنا معمول بنالیتے ہیں، وہ دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں سرخرو ہوتے ہیں۔ ایسی ہی ایک ہونہار اور خوش نصیب دیوبند کی شخصیت یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری، فارغ دارالعلوم حافظ (ڈاکٹر) عبید اقبال عاصم ہیں۔ جنہوں نے اس سال رمضان المبارک میں اپنی مسلسل 50ویں تراویح میں قرآن شریف کی تکمیل کی ہے۔ ڈاکٹر عبید اقبال عاصم 1972یعنی 1391؁ھ سے پابندی کے ساتھ ہر سال رمضان المبارک کی تراویح میں قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کرتے آرہے ہیں، جو موجودہ تیز رفتار اور مصروف ترین زندگی میں نہایت قابل ستائش اور قابل تقلید کارنامہ ہے۔ ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے بتایا کہ تکمیل حفظ قرآن کے بعد وہ 1972سے مسلسل پابندی کے ساتھ تراویح میں تکمیل قرآن کرنے کی سعادت حاصل کرتے آرہے ہیں، جبکہ اسی دوران انہوں نے سال 1980میں دارالعلوم دیوبند سے فراغت حاصل کی اور علی گڑھ یونیورسٹی علیگڑھ سے پوسٹ گریجویشن کیا بعدازاں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان اساتذ ہ اور دادا محمد منعم نمبردار مرحوم کے علاوہ ان کے مرحوم والدین کی دلچسپی اور کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ یہ وہ سنگ میل عبور کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ انہوں نے تمام حفاظ کے نام ایک پیغام میں کہا کہ وہ دنیاوی زندگی کی مشغولیت میں مصروف رہنے کے باوجود قرآن مجید کی طرف سے ہرگز غافل نہ ہوں کیونکہ دنیوی واخروی زندگی کی کامرانیاں اسی کلام اللہ میں مضمر ہیں۔ ڈاکٹر عبید اقبال عاصم کے اس شاندار اورمثالی کارنامہ پر ان کے بہن بھائیوں، خاندان کے دیگر افراد عزیزواقارب کے علاوہ دوست احباب اور پریس ایسو سی ایشن کے کارکنان ، دارالعلوم وقف دیوبندکے مہتمم مولانا سفیان قاسمی ، جامعہ امام محمد انور شاہ کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ ، دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر ،مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، اسسٹنٹ منیجر سید آصف حسین، سابق چیئرمین انعام قریشی،مولانا حسن الہاشمی اور مختلف سماجی وسیاسی تنظیموں کے ذمہ داران نے مبارک باد پیش کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×