احوال وطن

پنجاب سے پیدل آرہے 6؍مزدوروں کو تیز رفتار بس نے روند ڈالا

دیوبند،14؍ مئی (سمیر چودھری)گزشتہ دیر رات دیوبند کے قریب ایک دردناک حادثہ پیش آیا ، یہاں پر ایک تیز رفتار روڈیز بس نے پیدل چل رہے مزدوروں کو بڑی بے رحمی سے کچل دیا ۔ جس میں 6مزدوروں کی موقع پر ہی دردناک موت واقع ہوگئی۔ جب کہ کئی مزدور زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ دیر رات پنجاب سے پیدل ہی واپس لوٹ رہے بہار کے مزدور جب دیوبند سے تقریباً 8کلو میٹر دور ٹول پلازہ کے نزدیک پہنچے تو پیچھے سے آئی تیز رفتار بس نے انہیں اپنی زد میں لے لیا جس سے 6مزدوروں کی دردناک موت واقع ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ، جب کہ 4زخمی ہوئے ہیں۔ یہ سب ہی بہار کے رہنے والے بتائے جارہے ہیں اور پنجاب سے واپس پیدل ہی اپنے گھر لوٹ رہے تھے ۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ میں افراتفری مچ گئی ۔ اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا جب کہ زخمی مزدوروں کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مرنے والے مزدور بہار کے گوپال گنج کے رہنے والے ہیں جو پنجاب سے پیدل ہی واپس جارہے تھے، پولیس کے مطابق یہ حادثہ رات میں تقریباً 11:45گھلولی چیک پوسٹ اور روہانہ ٹول پلازہ کے درمیان ہوا ہے۔ پنجاب میں مزدوری کرنے والے مزدوروں کا گروپ دیر رات پیدل سہارنپور ہوتے ہوئے مظفرنگر کی جانب جارہے تھے ، اسی دوران روڈ ویز بس انہیں کچل کر فرار ہوگئی ۔ مظفرنگر شہر کوتوالی انچارج انل کپروان نے بتایا کہ باپ بیٹے سمیت 6لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے جن کے نام ہریک سنگھ ولد جمعدار سنگھ ، وکاس ولد ہریک سنگھ ، گڈو ولد بندانند رائے ، واسو دیو ولد جواہر سنگھ، ہریش سہنی ولد متی سہنی ، ویریندر ولد شیام ناتھ ساکن گوپال گنج بہار بتائے جارہے ہیں ۔ شدید طو رپر زخمیوں میں سشیل اور رام جیت کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو میرٹھ ریفر کردیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×