احوال وطن

فرضی خبریں چلانے والوں کے خلاف دارالعلوم دیوبند بھیجے گا قانونی نوٹس: مفتی ابوالقاسم نعمانی

دیوبند: 21؍اپریل (سمیر چودھری) دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ پولیس کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ روز ایک نیوز چینل کی جانب سے دارالعلوم دیوبند ودیگر مدارس کے خلاف جھوٹی خبر چلائے جانے کے خلاف وزیراعلی اور یوپی کے ڈی جی پی کو واقف کرانے کے فیصلہ کیا ہے۔ اور کورونا وائرس پھیلانے سے متعلق ایک جھوٹی خبر چلانے والے نیوز چینل کے خلاف عدالتی کارروائی کے لئے قانونی نوٹس بھیجے جانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز دارالعلوم اور دارالعلوم وقف کے خلاف ایک نیوز چینل نے جھوٹی خبر چلاکر ان اداروں کو کورونا کا ہب بتایا تھا۔ جب اس کی اطلاع دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کو ہوئی تو انہوں نے چینل کے خلاف ایک تحریر دیتے ہوئے ایف آئی آردرج کرنے کا مطالبہ کیا، لیکن 24؍گھنٹوں کا وقفہ گزرجانے کے بعد بھی جب پولیس نے مذکورہ چینل کے خلاف رپورٹ درج کرنے میں حیلہ بازی سے کام لیا تو ادارہ نے چینل کے خلاف قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ منگل روز دارالعلوم دیوبند اور وقف دارالعلوم نے اپنے وکلاء سے صلاح ومشورہ کرکے چینل کوہتک عزت کا نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی نے بتایا کہ نامعلوم وجوہات کی بناپر دیوبند پولیس نے ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ معاملوں میں صوبائی وزیر اعلی اور ڈی جی پی سے اس سلسلہ میں بات کی جائیگی اور اس کے ساتھ ساتھ چینل کو نوٹس بھیجا جائیگا۔ انہوں نے کہا مذکورہ چینل کی جانب سے جھوٹی خبر نشر کرنے کے بعد سے سوشل میڈیاپر ادارہ سے متعلق کافی لوگوں نے قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر اس فرضی خبر کو بنیا د بناکر ادارہ شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ادارہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فرضی بنیاد پر اترپردیش کے بہت سے اضلاع میں جو طلبہ دارالعلوم دیوبند سے مارچ کے آخر میں اپنے گھروں میں واپس گئے تھے ، ان کو بھی پریشان کیا جارہاہے اور وہاں کے افسران اسی خبر کی بنیاد پر طلبہ کو قرنطینہ میں بھیج رہے ہیں۔ حالانکہ ان طلبہ کو اپنے گھروں کو گئے ہوئے بھی لمبا عرصہ گزرچکا ہے اس لئے ادارہ ایسی جھوٹی خبروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے مجبور ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×