ریاست و ملک

دارالعلوم دیوبند میں مقیم دو ہزار طلباء کی طبی جانچ‘ تمام طلباء صحت مند

دیوبند: 10؍اپریل (پریس ریلیز) دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ آج چیف میڈیکل آفیسر سہارن پور کی ٹیم کے ذریعہ دارالعلوم میں مقیم طلبہ کی طبی جانچ کی گئی اور تمام طلبہ صحت مند پائے گئے ۔
اس وقت دارالعلوم دیوبند میں تقریباً دو ہزار طلبہ مقیم ہیں، جنوری کے پہلے سے ہی وہ طلبہ اپنی امتحانات کی تیاریوں میں مشغول تھے اور اس درمیان ان کا کوئی سفر بھی نہیں ہوا؛ اس لیے ان کے سلسلے میں کوئی اندیشہ بھی نہیں تھا، تاہم حفظ ما تقدم کے طور پر دارالعلوم انتظامیہ نے ضلع انتظامیہ اور محکمۂ صحت کے تعاون سے طلبہ کی طبی جانچ کا فیصلہ کیا۔ آج افسران کی نگرانی میں سہارن پور سے آئی ڈاکٹروں کی ٹیم نے طلبہ کا ابتدائی طبی معائنہ کیا، شکر کا مقام ہے کہ تمام طلبہ صحت مند پائے گئے اور ایک بھی مشتبہ مریض سامنے نہیں آیا۔
اس موقعہ پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے دو مقامات پر کاؤنٹر لگاکر ۱۹۴۲ طلبہ کا طبی معائنہ کیا۔ ضلع چیف میڈیکل آفیسر بی ایس سوڈھی اور ڈپٹی سی ایم اوڈاکٹر اطہر جمیل کی قیادت میں سی ایچ سی سپرنٹنڈینٹ ڈاکٹر اندراج سنگھ، ڈاکٹر آشوتوش ، ڈاکٹر غیور علی، ڈاکٹر نعیم، ڈاکٹر عمران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے رویندر ، عجب سنگھ، نتن اور بھوپ سنگھ وغیرہ شریک رہے۔ علاوہ ازیں، دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی، نائب مہتمم مولانا عبد الخالق سنبھلی، دارالاقامہ کے ناظم اعلی مولانا منیر الدین اور دیگر نظمائے حلقہ نے اس پورے نظام کی نگرانی کی۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری درخواست پر ادارہ کے تمام طلبہ کی طبی جانچ کی گئی اور ضلع و مقامی انتظامیہ نے اس موقع پر تعاون کیا، ہم ان تمام کوششوں کے لیے ممنون ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×