احوال وطن

دارالقرآن کی بلڈنگ کو آئی سولیشن وارڈ میں منتقل کرنے کی پیشکش

دیوبند،29؍ مارچ (سمیر چودھری) دارالعلوم دیوبند نے کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے محکمہ صحت کو جی ٹی روڑ پر واقع ’’دارالقرآن‘‘ کو آئی سولیشن وارڈ میں منتقل کرنے کی پیشکش کی ہے۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ کورونا وائرس کووڈ 19نے عالمی سطح پر حد درجہ تشویش ناک صورتحال پیداکردی ہے۔ اس آفاقی آفت اور بحران کی زد میں ہمارا وطن عزیز بھی ہے،اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے اور سد باب کے لئے محض حکومتی اقدامات پر اکتفا نہیں کیا جاسکتا اس کے لئے ہر ذمہ دار شہری کو اپنے اختیارات اور وسائل کے اعتبار سے ملک کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے ۔ دامے ، درمے، سخنے اور قدمے یعنی جس طرح بھی ممکن ہوسکے انسانیت اور ہمدردی کی بنیاد پر خدمت خلق کے لئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند اگر چہ ایک خالص تعلیمی ادارہ ہے تاہم کسی بھی ضرورت کے وقت اور آزمائش کی گھڑی میں اس کی جانب سے حتی المقدور تعاون پیش کیا جاتا رہاہے۔ اس وقت بھی اس شدید بحران کی صورت میں دارالعلوم دیوبند دیش کے ساتھ کھڑا ہے۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ دارالعلوم انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ خدانخواستہ اگر حالات بہتر نہیں ہوتے اور اگر کوئی زیادہ ہنگامی صورت حال سامنے آتی ہے تو ادارے کی ایک بڑی بلڈنگ آئی سو لیشن وارڈ کے لئے مختص کی جائے گی، چنانچہ جی ٹی روڑ کے نزدیک ’’دارالقرآن ‘‘ کی عمارت کا تعین اس کے لئے کردیا گیا ہے، دارالعلوم دیوبند کی پیشکش کے مطابق محکمہ صحت اس عمارت کو کسی بھی وقت آئی سو لیشن وارڈ میں منتقل کرسکتا ہے۔ اس2منزلہ عمارت میں بہت سے کمرے موجود ہیں ، جن میں بڑی تعداد میں مریضوں کو رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے پھر کہا کہ دارالعلوم دیوبند اس مشکل گھڑی میں دیش کے ساتھ کھڑا ہے، مولانا نے کہا کہ ملک کے تمام مدارس اسلامیہ اور تنظیموں نیز ذمہ دارانِ ملت سے اپیل کی جاتی ہے کہ انسانیت ، ہمدردی اور غمگساری کے ناطے آگے آئیں اور بلا لحاظ مذہب و ملت اورخدمت خلق کے اس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں اور بہر طور اپنے آپ کو خیر امت ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے اس کی اطلاع ضلع انتظامیہ کو بھیجی جارہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×