احوال وطن

کورونا وائرس کے سبب دارالعلوم دیوبند کے سالانہ امتحانات منسوخ

دیوبند: 24؍ مارچ(سمیر چودھری) کورونا وائرس کے سبب دارالعلوم دیوبند نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے تمام امتحانات کو منسوخ کردیاہے، اس سے قبل دارالعلوم وقف دیوبندنے سالانہ امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیتے ہوئے ان امتحانات کو عیدالفطر کے بعد کرانے کا اعلان کیا تھا۔ دارالعلوم دیوبند کے امتحانات منسوخی کی اطلاع مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی نے دی ۔آج ایس ڈی ایم اور سی او سمیت دیگر افسران نے ادارہ کے مہتمم دارالعلوم دیوبند و دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی اور سالانہ امتحانات کو فی الحال کچھ وقت کے لئے ملتوی کرنے کی اپیل کی،جس کے بعد دارالعلوم دیوبند نے یہ فیصلہ لیاہے۔ تفصیل کے مطابق ایس ڈی ایم دیویندر کمار پانڈے اور سی او چوب سنگھ و کوتوالی انچارج یگ دت شرما اور ایل آئی یو انچارج اروند چہل کی ٹیم نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبدلخالق مدراسی سے ادارہ کے گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ 40 منٹ تک جاری میٹنگ کے دوران انتظامیہ نے ذمہ داران سے اپیل کی ادارے کے سالانہ امتحانات فی الحال ملتوی کردیں۔ دارالعلوم مہتمم نے انتظامیہ کے افسران کو یقین دلایا کہ وہ اپنی سطح سے فیصلے نہیں لے سکتے ہیں ،لیکن وہ دارالعلوم کی ایگزیکٹو کمیٹی (مجلس شوریٰ) کے ممبران سے بات چیت کرنے کے بعد ہی اس سلسلے میں فیصلہ لے گیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وہ اس سلسلے میں انہیں آگاہ کریں گے۔ ایس ڈی ایم دیویندر کمار پانڈے نے بتایا کہ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم سے ملاقات کی ،جس میں سالانہ امتحانات ملتوی کرنے کے متعلق بات چیت ہوئی ہے،انہوں نے جلدی ہی شوریٰ کے ممبران سے بات چیت کرکے اس پر فیصلہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔ وہیں اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیاگیا، جس میں سالانہ امتحانات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔اس سلسلہ میں مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے نمائندہ کو بتایا کہ فی الحال حالات کی نزاکت کے مدنظر دارالعلوم دیوبند کے تمام امتحانات کو منسوخ کردیا گیاہے، انہوں نے بتایا کہ فی الحال امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں، یہ امتحان کب کرائے جائینگے ،اس سلسلہ میں میٹنگ چل رہی ہے۔واضح رہے اس سے قبل دارالعلوم وقف دیوبند، دارالعلوم زکریا دیوبند، جامعۃ الشیخ حسین احمد مدنی،جامعہ امام محمدانور شاہ وغیرہ میں امتحانات منسوخ کرکے طلبہ کی تعطیل عام کردیئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×