احوال وطن

کورونا وائرس کے پھیلتے اثرات کے پیش نظر دارالعلوم وقف دیوبند کے سالانہ امتحانات ملتوی

دیوبند: 20؍مارچ (عصر حاضر) کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے اثرات کو دیکھتے ہوئے دارالعلوم وقف دیوبند میں امتحانِ سالانہ تقریری و تحریری ملتوی کا اعلان کردیا گیا۔ ادارہ کی جانب سے جاری کردہ لیٹر میں کہا گیا کہ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے اس کوقت کورونا وائرس نے عالمی پیمانے پر انتہائی مہلک صورت حال اختیار کرلی ہے‘ یقیناً اس کے اثرات ہندوستان میں بھی تیزی سے پھیلتے دیکھے جارہے ہیں‘ جس کے تناظر میں حکومت نے احتیاطی نقطۂ نظر سے 2؍اپریل تک تمام طرح کی تعلیمی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے‘ اور چونکہ اسباق مکمل ہوچکے ہیں اور تعلیم کا سلسلہ موقوف ہی ہے۔ اس تشویشناک صورتحال میں اطلاعات کے مطابق دیڑھ سو ٹرینیں بھی کینسل کر دی گئی اور جس طرح سے یہ وباء تیزی سے پھیلتی جارہی ہے ایسے میں مستقبل قریب میں بہ ظاہر صورتِ حال مثبت نظر نہیں آرہی ہے۔ طلباء کا تحفظ ادارہ کی ترجیحات میں شامل ہے اور ادارہ اس بات کا آرزومند ہے کہ آپ اپنے گهر تک بہ حفاظت پہنچ جائیں؛ لہذا مذکورہ احوال کے تناظر میں اساتذۂ جامعہ کی ایک اوگ میٹینگ بلائی گئی جس میں یہ طے پایا کہ فی الحال ادارہ میں تعطیل کردی جائے‘ مؤرخہ 25؍مارچ 2020ء سے جاری ہونے والے تمام امتحانات (خواہ تقریری ہوں یا تحریری) ملتوی کردئیے جائیں اور یہ امتحانات ماہِ شوال میں منعقد کئے جائیں‘ ان امتحانات کا آغاز مؤرخہ 8؍شوال 1441ھ سے ہوگا؛ اس لیے تمام طلبہ مؤرخہ 7؍شوال المکرم 1441ھ تک ادارہ میں بہ ہر صورت حاضری کو لازم بنائیں‘ دورۂ حدیث شریف و جملہ تکمیلات و تخصصات میں داخل طلبہ کو اس موقع پر بطورِ ترجیح جلد امتحانات سے فارغ کرنے کی کوشش کی جائے گی‘ ان امتحانات کا تفصیلی نقشہ بر وقت آویزاں کیا جائے گا؛ اس لیے طلبہ ماہِ شوال میں جامعہ میں حاضر ہونے میں قطعاً تاخیر نہ کریں۔ واضح رہے کہ روانگی کے ٹکٹ میں آنے والی دشواریوں کا ادراک کرتے ہوئے یہ طے پایا ہے کہ آپ حضرات کا جب تک ٹکٹ نہیں بن جاتا اس وقت تک آپ ادارہ میں قیام کریں‘ اس درمیان تتکال ٹکٹ حاصل کرنے کی اپنی بھرپور کوشش جاری رکھیں‘ دارالاقامہ اور مطبخ کا نظام العمل حسبِ دستور جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں اگر ہنگامی طور پر کوئی نئی صورت درپیش آتی ہے تو ادارہ اس کا اعلان کردے گا‘ آپ حضرات ادارہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ہدایات کی جانب متوجہ رہیں۔ الله تعالی پورے عالم کی تمام تر آفات و بلیات سے حفاظت فرمائے اور امتِ مسلمہ کے حق میں خیر کے فیصلے فرمائے آمین

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×