احوال وطن

ہمیں حالات سے گھبرانا نہیں چاہئے بلکہ تعلق مع اللہ قائم کریں

دیوبند، 17؍ اکتوبر (سمیر چودھری) معروف ادارہ جامعہ امام ولی اللہ اسلامیہ پھلت کی وسیع وعریض مسجد میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے تحت ایک پروگرام بعنوان’ اصلاح معاشرہ و تحفظ شریعت کانفرنس ‘کا انعقاد عمل میں آیا۔پروگرام کے سرپرست و مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا سید محمد ولی رحمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالات سے انسان کو گھبرانا نہیں چاہئے حالات آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں بس کوشش اس بات کی رہے کہ ہم ایسے اعمال کریں کہ جس سے اللہ ہمارے ساتھ ہو،یاد رکھئے اللہ کے سامنے کسی کی طاقت نہیں چل سکتی ہے چونکہ ہم لوگوں نے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے دامن کو چھوڑ دیا ہے اس لئے اس طرح کے حالات آرہے ہین،حالات کا سیاسی تجزیہ نہ کیجئے بلکہ تلاش کیجئے کہ کمی سے ہورہی ہے اور اصلاح کس چیز کی کرنی ہے۔حکومت کی جانب سے این آر سی کے نفاذ کے خطرات کے پیش نظر انہوں نے کہاکہ کہ آپ لوگوں کو گھبرانا کی یا اس سے ڈرنے کی ضرورت تو نہیں ہے البتہ وقت رہتے اپنے ضروری کاغذات تیار کرالیجئے تاکہ مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔افراد پر بھروسہ مت کیجئے بلکہ آپ کے پاس کاغذات کا ہتھیار ہونا چاہئے۔مہمان خصوصی و سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ نے اصلاح معاشرہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ ہمیں ہر میدان میں اصلاح کرنے کی ضرورت ہے اور ہر میدان عمل میں بڑے پیمانہ پر تبدیلی لانے کی ضروت ہے۔انہوں نے بابری مسجد کے مقدمہ کی تازہ ترین سماعت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بابری مسجد کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور ہماری طرف سے بابری مسجد کے سلسلے میں جو دستاویزات اور دلائل دیئے جانے تھے وہ ہم سپریم کورٹ میں پیش کرچکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بابری مسجد کے سلسلے میں جو کیس چل رہا ہے وہ کسی آستھا یا عقیدے کا کیس نہیں ہے بلکہ وہ ٹائٹل سوٹ کا کیس ہے۔کورٹ کو یہ طے کرنا ہے کہ زمین کس کی ملکیت ہے ایسی صورتحال میں اب سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہی مناسب راستہ ہے۔ اپنے صدارتی خطاب میں داعی اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی نے کہا کہ مسلمان مردو خواتین اگر اپنی زندگیوں میں قانون شریعت کو نافذ کرلیں تو دنیا کی کوئی طاقت بھی اس قانون کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ۔اصل حکمرانی اس دنیا میں اللہ کی ہے یہ دنیا کے احکام اسی اللہ کی مرضی سے بنائے جاتے ہیں اس لئے اللہ سے تعلق قائم کرنے کی ضرورت ہے۔سبھی مقررین نے اصلاح معاشرہ و شریعت بیداری مہم کے تمام کارکنان کی محنتوں کو سراہا اور کہا کہ جس طرح دار القضاء پھلت مظفر نگر کی جانب سے اصلاح معاشرہ و تحفظ شریعت کے لئے کوششیں ہورہی ہیں اسی طرح ملک گیر سطح پر اس کام کو انجام دینے کی ضرورت ہے۔استقبالیہ کلمات اور اصلاح معاشرہ و شریعت بیداری مہم کے تحت دو درجن کامیاب پروگراموں کے انعقاد کی مکمل رپورٹ پروگرام کے کنوینر مفتی محمد عاشق صدیقی ندوی نے پیش کی۔مولانا محمد جاوید ،مولانا محمد ارشد ندوی،مولانا سید حسین ندوی،سید مجتبی یزدانی ،سید محمود الحسن،قاری حفظ الرحمن انصاری،ڈاکٹر منصورالحق کھتولی،مولانا جمیل احمد ، ڈاکٹر محمد امیر اعظم قریشی،مولانا محمد علی جوہر کے علاوہ کھتولی و اطراف کے متعدد علماء نے شرکت کی۔محمد سعد میرٹھی کی تلاوت اور معروف شاعر کلیم چرتھاولی کی نعت پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔جامعہ کے مہتمم مولانا محمد طاہر ندوی نے کلمات تشکر پیش کئے۔ نظامت کے فرائض مولانا وصی سلیمان ندوی نے انجام دئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×