احوال وطن

دیوبند میں خواتین کے احتجاج کو ایک ماہ مکمل ! این پی آر کاہر سطح پر بائیکاٹ کیاجائے: مقررین

دیوبند،24؍ فروری(سمیر چودھری) تاریخی شہر دیوبند میں گزشتہ 27؍ جنوری سے خواتین شہریت ترمیمی قانون، این آرسی اور این پی آر کے خلاف مسلسل غیر معینہ مدت کے لئے احتجاجی مظاہرہ کررہی ہیں ۔ 29؍ویں دن بھی خواتین کا یہ احتجاجی مظاہرہ عیدگاہ میدان میں بدستور جاری رہا،دیوبند کی خواتین کی آواز ملک اور بیرون ملک تک پہنچ رہی ہے ،خواتین کاکہنا ہے کہ جب تک سی اے اے واپس نہیں ہوگا اس وقت تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ اس دوران خواتین نے کہاکہ این پی آر کے نام سے ملک میں این آرسی نافذ کی جارہی ہے اور این آرسی کا نتیجے پورا ملک آسام میں دیکھ چکاہے، اسلئے ہر سطح پر این پی آر کا بائیکاٹ کیاجائے۔ متحدہ خواتین کمیٹی کے زیرا ہتمام عیدگاہ میدان میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے طالبہ عائشہ اور زینب نے کہا کہ انگریزوں کی غلامی سے ہندوستان کو آزاد کرانے کے لئے جو متحد ہوکر جدوجہد کی گئی تھی،آج بھی اس کی ضرورت ہے۔ جس طرح اس وقت بلاتفریق مذہب و ملت تمام لوگوں نے جنگ آزادی کی لڑائی لڑی تھی اسی طرز پر آج بھی اس ہٹلر شاہی کے خلاف متحدہ ہوکر آواز بلند کرنے کی سخت ضرورت ہے ،آئین کے تحفظ کے لئے اسی جذبہ اور حوصلہ سے ہمیں لڑائی لڑنی ہوگی کیونکہ موجودہ حکومت ملک کے سیکولر آئین کے تانے بانے کو توڑدینا چاہتی ہے،جس کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ قدوسیہ ،ضیا اور ثمرین نے دارالحکومت دہلی میں سی اے اے کی مخالفت کرنے والے اور سی اے اے کی حمایت کرنے والے لوگوں کے مابین تصادم کو ایک منظم سازش کاحصہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ فساد پھیلنے والے وہیں لوگ ہیں جنہیں عوام کی آواز سننا پسند نہیں ہے اور جو ان کے آئینی حقوق کو چھینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں ہندو مسلم ،سکھ اور عیسائی سی اے اے کے خلاف متحد ہیںلہٰذا ہماری طاقت کو کمزور کرنے کے لئے اس تحریک کو مذہبی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت نازک وقت ہے اس لئے ہمیں ہر ایک قدم پر نہایت احتیاط برتنی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ملک اور اس کے آئین کو بچانے کے لئے لڑائی صرف عدم تشدد کے راستے سے ہی لڑی جائے گی جو بابائے قوم مہاتما گاندھی نے دکھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو کسی بھی قیمت پر مذہب ، ذات یا فرقہ کے نام پرٹوٹنے نہیں دیاجائیگا،جیسا کا آج کچھ لوگ چاہتے ہیں جنہیں اقتدار کی شہ حاصل ہے ،ایسے لوگوںکی سازشوں کو ناکام کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک مخالف قوتوں سے ہمیں متحد ہوکر لڑنا ہوگا اور اپنی آواز کو دستور کے مطابق بلند کرناہوگا۔ اس دوران خواتین نے ترنگے جھنڈوں کو لہراتے ہوئے ہندوستان زندآباد اور سی اے اے واپس لوکے نعرے لگائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×