احوال وطن

اہانتِ رسولﷺ معاملہ: مغربی بنگال میں 240 گرفتاریاں، حکومت نے ہائی کورٹ میں پیش کی رپورٹ

کولکتہ: 15؍جون (عصرحاضر) پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق نوپور شرما کے متنازعہ تبصرہ کے بعد ریاست کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات پر کارروائی سے متعلق مغربی بنگال حکومت نے بدھ کو ایک رپورٹ کلکتہ ہائی کورٹ کو سونپی۔ رپورٹ میں ریاست کے وکیل ایس این مکھرجی نے چیف جسٹس پرکاش شریواستو اور جسٹس راجرشی بھاردواج کی کلکتہ ہائی کورٹ کی ڈویژنل بنچ میں کہا کہ تشدد کے سلسلے میں مجموعی طور پر 240 گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ گرفتاریوں میں سب سے زیادہ تعداد ہوڑہ ضلع سے تھی جہاں 99 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں ریاست میں کہیں سے بھی تشدد کی کوئی رپورٹ نہیں آئی ہے۔ اس درمیان ڈویژنل بنچ نے بدھ کو ایک مفاد عامہ عرضی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا، جس میں ریاست میں کشیدگی والے علاقوں میں مرکزی مسلح افواج کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ اس معاملے میں قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) کے ذریعہ جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ڈویژنل بنچ نے این آئی اے جانچ اور مرکزی مسلح افواج کی تعیناتی پر اپنا حکم محفوظ رکھتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کو طے کرنا ہے کہ انھیں مرکزی مسلح افواج کی تعیناتی کی ضرورت ہے یا نہیں۔ مفاد عامہ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالانکہ کچھ دیگر ریاستوں میں بلڈوزر کا استعمال کیا گیا تھا، لیکن مغربی بنگال میں وہ قانون کے مطابق سبھی کارروائی کرنا چاہتے ہیں۔ ڈویژنل بنچ نے کہا کہ لوگوں میں مذہب کی پروا کیے بغیر خیر سگالی ہونی چاہیے اور سبھی کو فرقہ وارانہ خیر سگالی بنائے رکھنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×