مرکزی حکومت کا اہم فیصلہ؛ سی بی ایس ای بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ
نئی دہلی: یکم؍جون (عصرحاضر) سی بی ایس ای بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ کردئیے گئے۔ بارہویں جماعت کے نتائج کا ایک متعینہ ہدف کے مطابق جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ سی بی ایس ای بارھویں جماعت کے امتحانات کے بارے میں فیصلہ طلباء کے مفاد میں لیا گیا ہے۔ ہمارے طلبا کی صحت اور حفاظت انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور اس پہلو پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ طلبہ ، والدین اور اساتذہ میں پریشانی پائی جارہی ہے، جس کا خاتمہ ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ طلبہ کو اس طرح کی دباؤ والی صورتحال میں امتحان میں شرکت کے لئے مجبور نہیں کیا جانا چاہئے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو طلبہ کے لئے حساسیت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح ہو کہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں سینئر وزراء اور اعلی عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر اور تیسری لہر کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے اختتام کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے ٹیوٹر پر اس کی اطلاع دی۔