قومی انسانی حقوق کمیشن کی ٹیم کا جامعہ ملیہ کی لائبریری کا دورہ
نئی دہلی: 20؍ڈسمبر (ذرائع) جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلباء پر ہوئے تشدد معاملہ کی جانچ کیلئے 20؍ڈسمبر جمعہ کو قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی )کی ٹیم یونیورسٹی کی لائبریری پہنچی ۔ این ایچ آر سی کی سات رکنی اس ٹیم کی قیادت انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کی سینئر افسر منزل سینی کررہی تھیں ۔ متھراروڈ اور نیوفرینڈس کالونی کے پاس مظاہرے کےدوران 15دسمبر کو ہوئے تشددکے بعد ہجوم کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس جامعہ کی طرف گئی اور اس دوران لائبریری میں گھس کر طلبہ کے ساتھ مارپیٹ کی اور توڑ پھوڑ کی تھی۔
جامعہ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ماجد جمیل نے کہا کہ این ایچ آرسی کی ٹیم نے ذاکر حسین لائبریری کا معائنہ کیا ، جہاں اتوار کو پولیس نے مبینہ طورپر کارروائی کی تھی ۔اس کے علاوہ ٹیم نے ایڈمنسٹریٹیو بلاک میں جامعہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی ۔
خیال رہے کہ جامعہ میں آٹھویں دن بھی بڑی تعداد میں لوگ مظاہرہ کررہے ہیں ۔ جامعہ نگر علاقہ میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد بڑے مظاہرے کے اندیشہ کے پیش نظر پولیس فورس تعینات کی گئی تھی ، لیکن کسی طرح کے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے ۔