احوال وطن

ملک کے بیشتر مقامات سی اے اے کے خلاف احتجاجی مظاہرے‘ اتر پردیش میں سخت سیکوریٹی کے درمیان نماز جمعہ کی ادائیگی

نئی دہلی؍ گوہاٹی؍ مغربی بنگال۔27؍دسمبر: (ذرائع) شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) این آر سی اور این پی آر کے خلاف دوسرے جمعہ کو سخت سیکوریٹی کے درمیان نماز جمعہ کے بعد دارالحکومت دہلی ،تلنگانہ‘ آندھرا پردیش، مہاراشٹر، راجستھان، آسام، مغربی بنگال، کرناٹک، سمیت ملک بھر میں پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اطلاع کے مطابق نئی دہلی میں جامع مسجد کے باب عبداللہ پر نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کانگریس کے سابق ارکان اسمبلی شعیب اقبال اور الکا لامبا نے شرکت کی ۔ اس موقع پر الکا لامبا نے کہا کہ ’’بے روزگاری ملک کا اہم مسئلہ ہے لیکن آپ (وزیر اعظم) لوگوں کو این آر سی کی قطار میں لگانے کی کوشش کر رہے ہیں جیسے آپ نے نوٹ بندی کے وقت کیا تھا۔‘‘انہو ں نے کہاکہ ملک اور آئین کےلیے جمہوریت کی آواز اُٹھانا ضروری ہے مرکزی حکومت تانا شاہ نہیں ہوسکتی اور عوام پر اپنا ایجنڈہ نہیں تھوپ سکتی۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھیم آرمی کے صدر چندر شیکھر آزاد کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔مظاہرین نے سی اے اے ، این پی آر، اور این آر سی کی مخالفت میں جم کر نعرے بازی کی، مظاہرین نے کہا ’اس ملک کو این آر سی، این پی آر نہیں چاہئے، اس ملک کو روزگار چاہئے اس ملک کو امن اور شانتی چاہئے۔ مظاہرین ہاتھوں میں جو پوسٹراور بینر لیے ہوئے تھے اس میں واضح طو رپر لکھا تھا آئین بچائو، ملک کو تقسیم نہ کرو، اس کے ساتھ ہی لوگوں سے یہ بھی بار بار کررہے تھے کہ امن بنائے رکھیں، تشدد نہ کریں ۔جامع مسجد کے علاوہ دہلی میں سیلم پور، قرول باغ، یوپی بھون، کے پاس بھی پرامن مظاہرہ ہوا۔ وہیں اترپردیش میں سنگینیوں کے سائے میں نماز جمعہ ادا کی گئی ۔ ڈی جی پی اترپردیش نے بتایاکہ ریاست کے کسی بھی علاقے میں کوئی واردات رونما نہیں ہوئی ہے، ریاست بھر میں سخت سیکوریٹی کا بندوبست کیاگیا ہے، ڈرون کیمروں سے نظر رکھی گئی، 21؍اضلاع میں انٹرنیٹ سروس مکمل بند کردی گئی ہے تاکہ افواہوں پر قابو پائی جاسکے۔ اس سے قبل بھیم آرمی کے صدر چندر شیکھر آزاد کی رہائی کےمطالبہ کے ساتھ ساتھ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف جمعہ کو وزیراعظم ہائوس کی جانب ہاتھ باندھ کر جارہے سینکڑوں مظاہرین کو پولس نے روک لیا، جس کے بعد مظاہرین نے زور باغ درگاہ شاہ مردان سے اپنا احتجاج شروع کیا۔ کولکاتہ میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف آج کانگریس اور بایاں محاذ کی جماعتوں نے مشترکہ طور پر جلوس نکالا۔اس موقع پر دونوں جماعتوں کے بیشتر سینئر لیڈران موجود تھے۔سبودھ ملک اسکوائر سے یہ ریلی شروع ہوکر مہاجاتی سدن پر جاکر ختم ہوئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×