ریاست و ملک

چوروں نے 60 فٹ طویل اور پانچ سو ٹن وزنی فولادی پُل ہی چُرالیا۔ جانیے کیا ہے واقعہ

بہار میں چوروں نے چوری کی ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 60 فٹ طویل اور پانچ سو ٹن وزنی فولادی پُل ہی چُرالیا۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ مشرقی بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا۔ پولیس نے ہفتہ نو اپریل کے روز بتایا کہ چوروں کے اس گروہ کے ارکان نے خود کو محکمہ آبپاشی کے اہلکار ظاہر کیا اور کہا کہ انہیں اس متروکہ پل کو اکھاڑ کر وہاں سے ہٹا دینے کا حکم ملا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ چوروں نے یہ کام بدھ چھ اپریل کے روز کیا اور اس 60 فٹ طویل اور 500 ٹن وزنی فولادی پل کے کچھ حصے کاٹے، باقی کھول کر اتارے اور پھر سب کچھ ساتھ لے کر چلتے بنے۔ بہار بھارت کے غریب ترین صوبوں میں سے ایک ہے اور پولیس اہلکار سبھاش کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ خود کو محکمہ آبپاشی کے اہلکار ظاہر کرنے والے نامعلوم افراد اپنے ساتھ بلڈوزر اور گیس کٹرز بھی لائے تھے۔

سبھاش کمار نے بتایا، ”چوروں کو اس پل کو کاٹ کر اور پھر کھول کر وہاں سے ہٹانے میں دو دن لگے اور وہ اس فولادی اسکریپ کو اپنی اس بھاری مال بردار گاڑی پر لاد کر فرار ہو گئے، جو وہ اپنے ساتھ لائے تھے۔‘‘

چوری شدہ فولادی پل تقریباﹰ 50 سال قبل ایک نہر پر تعمیر کیا گیا تھا اور وہ گزشتہ قریب پانچ برسوں سے اس لیے زیر استعمال نہیں تھا کہ تب عوامی استعمال کے لیے اسی نہر پر قریب ہی تعمیر کردہ ایک دوسرا پل استعمال کیا جانے لگا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing