ریاست و ملک

گھر کی چھت پر با جماعت نماز پڑھنے پر بھوپال میں 30/لوگوں پر ہوا مقدمہ

بھوپال: 27/مارچ (عصر حاضر) کورونا وائرس کے خطرات سے بچنے کے لئے حکومت، انتظامیہ کے ساتھ مذہبی رہنماوں کے ذریعہ مسلسل سوشل ڈسٹنسنگ کو بنائے رکھنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ نماز جمعہ کے لئے شہر قاضی کے ذریعہ پہلے ہی اپیل جاری کردی گئی تھی کہ مساجد میں نہ جاکر لوگ گھروں میں ہی ظہر کی نماز ادا کریں۔ جو لوگ مساجد میں ہیں وہی لوگ مساجد میں چار سے پانچ لوگ جماعت کے ساتھ پوری احتیاط سے ماسک لگا کر نماز ادا کریں گے ۔ ان تمام ہدایات اور اپیل کے باوجود بھوپال کے ٹیلہ جمال پورا اور اسلام پورا میں کچھ لوگوں کے ذریعہ گھروں کی چھت پر اجتماعی نماز کا اہتمام کیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تیس لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ ۱۸۸،۲۶۹ اور ۲۷۰ کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔
نماز جمعہ کے لئے شہر قاضی کے ذریعہ پہلے ہی اپیل جاری کردی گئی تھی کہ مساجد میں نہ جاکر لوگ گھروں میں ہی ظہر کی نماز ادا کریں۔
بھوپال کے ٹیلہ جمال پورا اور اسلام پورا کے واقعات کو چھوڑ دیں تو مساجد کے شہر بھوپال میں پوری طرح سے لوگوں نے شہر قاضی کی اپیل پر عمل کیا اور اپنے گھروں میں ظہر کی نماز ادا کی ۔ شہر میں انتظامیہ کے افسران، علمائے دین اور سماجی تنظیموں کے ذریعہ عوام کو مسلسل بیدار کیا جا رہا ہے کہ سوشل ڈسٹنسنگ کو بنائے رکھیں اور اس وبائی بیماری کا خاتمہ کرنے کے لئے گھروں میں رہیں ۔خود بھی محفوظ رہیں اور سماج کو بھی محفوظ رکھیں یہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔
بھوپال شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی کہتے ہیں کہ شریعت کی گنجائش کو دیکھتے ہوئے لوگوں سے گھروں میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ہمیں اپنی مساجد کو بھی قائم رکھنا ہے اور نماز بھی ادا کرنا ہے ۔ اس لئے یہ اپیل کی گئی ہے کہ جو لوگ مساجد میں ہیں وہ مساجدمیں پابندی سے تمام احتیاط کے ساتھ ادا کریں اور چار سے پانچ لوگ نماز ادا کریں اور باقی لوگ اپنے گھروں میں ظہر کی نماز ادا کریں۔ نماز جمعہ کے علاوہ دوسری نمازوں بھی یہی طریقہ اختیار کیا جائے۔
واضح ہوکہ مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تمام احتیاط کے باوجود اضافہ جاری ہے۔ صوبہ میں اب تک چھبیس کورونا مریضوں کی نشاندہی ہو چکی ہے ۔ سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد مدھیہ پردیش کے تجارتی شہر اندور میں تیرہ درج کی گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر جبلپور کا نام آتا ہے جہاں اب تک چھ مریضوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ جبکہ راجدھانی بھوپال میں دو،،اجین میں دو، شیوپوری میں دو اور گوالیار میں اب تک ایک مریض کی نشاندہی کی جا چکی ہے ۔ ان تمام اضلاع میں کرفیو کا نفاذ جاری ہے جبکہ صوبہ کے باقی اضلاع کو لاک ڈاؤن کیا جا چکا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×