احوال وطن

آسام میں کئی مقامات پر بجلی اور زوردار آندھی و بارش نے کیا قہر برپا، 8؍افراد ہلاک

گوہاٹی: 16؍اپریل (عصرحاضر) ایک طرف ملک کی راجدھانی دہلی، اتر پردیش، راجستھان، بہار وغیرہ ریاستوں میں شدید گرمی سے لوگ بے حال ہیں، اور دوسری طرف آسام میں کئی مقامات پر بجلی گرنے اور زوردار آندھی و بارش نے قہر برپا کیا ہوا۔ آسام میں آندھی، بارش اور بجلی گرنے کے واقعات میں اب تک دو بچوں سمیت کم از کم 8 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ آسام ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ایس ڈی ایم اے) کے مطابق جمعرات سے آسام کے کئی حصوں میں ’بوردوئسلا‘ نے حالات فکر انگیز بنا دیا۔ واضح رہے کہ آسام میں گرمیوں کے موسم میں آندھی کے ساتھ ہونے والی بارش کو ’بوردوئسلا‘ کہا جاتا ہے۔
سرکاری بلیٹن کے مطابق آندھی اور بارش کے سبب جانی نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ کئی مکان بھی متاثر ہوئے اور جگہ جگہ درخت و بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ اے ایس ڈی ایم اے کے مطابق جمعہ کو ڈبروگڑھ میں زبردست آندھی کی وجہ سے چار لوگوں کی جان چلی گئی۔ ان میں 12 سال کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔ اتھارٹی نے کہا کہ برپیٹا ضلع میں جمعرات کو آندھی اور بارش کے سبب تین لوگوں کی موت ہو گئی، جب کہ گولپارہ ضلع میں 15 سال کے ایک بچے کی جان چلی گئی۔ بارش سے گزشتہ دو دنوں میں کم از کم 7378 مکان اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 17 اپریل تک شمال مشرق کے اروناچل پردیش اور آسام-میگھالیہ میں زوردار سے بہت زوردار بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ 17 اپریل کو ناگالینڈ-منی پور-میزورم-تریپورہ میں بھی زوردار بارش ہونے کا امکان ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×