افکار عالم

بیت المقدس کے اطراف میں فلسطینیوں کے گھر مسمار کیے جانے پر بین الاقوامی مذمت

دبئی: 25؍جولائی (ذرائع) اقوام متحدہ نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اس کے ذمے داران نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وادی حمص میں صور باہر کے علاقے میں گھروں کی مسماری کے منصوبوں کو روک دے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے بھی اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی گھروں کو منہدم کیے جانے کی مذمت کی ہے۔ تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ مقبوضہ اراضی سے فلسطینیوں کی زبردستی ہجرت پر مجبور کرنے کی ایک زندہ مثال ہے۔  تنظیم کے مطابق فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کرنے کے بدلے اسرائیل کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ اراضی میں موجود دیوار کے حصوں کو کھولے کیوں کہ یہ دیوار بین الاقامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ادھر عرب لیگ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ جنگی جرم، نسلی تطہیر اور جبری ہجرت پر مجبور کیے جانے کا جرم ہے۔ الشرق الاوسط خبر رساں ایجنسی نے عرب لیگ کے معاون سیکریٹری جنرل ڈاکٹر سعید ابو علی کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ جرم کھلی جارحیت اور منظم چڑھائی کی کڑی ہے جس کا مقصد فلسطینی قوم کے وجود اور حقوق کو نشانہ بنانا اور بیت المقدس میں غیر معمولی نوعیت کی کارروائی کرنا ہے۔ فرانس نے بھی پیر کے روز اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مغربی کنارے میں مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے نزدیک متعدد فلسطینی گھروں کی مسماری کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ فرانس اسرائیلی فوج کی جانب سے بیت المقدس کے جنوب مشرق میں وادی حمص کے اندر کئی عمارتوں کو منہدم کیے جانے کی مذمت کرتا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ گھروں کو مسمار کرنے کا عمل پہلی مرتبہ ان علاقوں میں کیا جا رہا ہے جو اوسلو معاہدے کے تحت فلسطینی اتھارٹی کے اختیار میں آتے ہیں۔ یہ ایک نہایت خطرناک اقدام ہے جو دو ریاستی حل کو براہ راست سبوتاژ کر دے گا۔بحرین نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت کی وزارت خارجہ مقبوضہ بیت المقدس میں صور باہر کے قصبے کے اندر اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں فلسطینیوں کے متعدد گھروں کو مسمار کیے جانے کی شدید مذمت کرتی ہے … ساتھ ہی اس غیر قانونی کارروائی کو مسترد کرتی ہے جو برادر فلسطینی عوام کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔قابض اسرائیلی فوج نے پیر کے روز مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں وادی حمص کے صور باہر قصبے میں 16 رہائشی عمارتوں کو مسمار کر دیا تھا۔ ان عمارتوں میں 100 سے زیادہ رہائشی یونٹ تھے۔ اسرائیل کے مطابق اس اقدام کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ عمارتیں اسرائیلی سیکورٹی دیوار کے قریب واقع ہیں۔یورپی یونین نے بھی قابض اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی گھروں کو مسمار کیے جانے کی "غیر قانونی” کارروائی کو فوری طور پر روک دیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×