احوال وطن

قرآن مجید کے ایک نقطہ اور شوشہ میں بھی تبدیلی نہیں کی جاسکتی

نئی دہلی:2؍جون (پریس ریلیز)قرآن مجید سے متعلق وسیم رضوی کے بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجی جانے والی آخری کتاب ہے، جو ایک ایک حرف کے ساتھ محفوظ ہے اور قیامت تک محفوظ رہے گا، خود اللہ تعالیٰ نے اس کی حفاظت کا ذمہ لیا ہے، اس لئے وسیم رضوی کا قرآن مجید میں تحریف کا منصوبہ محض ایک بیہودہ کوشش ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی، اِس قسم کی کوشش پہلے بھی حکومتِ اسرائیل کی طرف سے ہوئی ہے اور مختلف دشمنانِ اسلام نے اس کی ناکام سعی کی ہے، اور اب بھی یہ کوشش ناکام ونامراد ہی رہے گی، یہ ایک شیطانی فکر ہے جو خالقِ کائنات سے لڑنے کے مترادف ہے، وسیم رضوی نے وزیر اعظم کو جو خط لکھا ہے اور قرآن طبع کرانے کا جو دعویٰ کیا ہے، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اس کی سخت مذمت کرتا ہے اور اس نے اس کو نظر میں رکھا ہے، ضرورت کے مطابق اس سلسلہ میں قدم اٹھائے گا، ۲۶ چھبیس آیات کو قرآن مجید سے نکالناخودعدالت کی بھی توہین ہے،جس نے گذشتہ مقدمہ میں وسیم رضوی کی سرزنش کی تھی، دنیا بھر میں اور خود ہندوستان میں کروڑوں حافظِ قرآن موجود ہیں، جن کے سینوں میں پورا قرآن مجید محفوظ ہے، یہ کائنات کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے، کسی فرد یا حکومت کے لئے ممکن نہیں کہ وہ اُس میں ایک نقطہ یا شوشہ کی بھی تبدیلی کردے، ایسے واقعات مسلمانوں کومتوجہ کرتے ہیں کہ قرآن سے ہمارا تعلق اور مضبوط ہونا چاہئے، ہم اپنے بچوں کو زیادہ سے زیادہ قرآن مجید حفظ کرائیں، قرآن مجید کی تلاوت کا اہتمام کریں اور مسجدوں میں درسِ قرآن کی محفلیں قائم کریں، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس ناشائستہ حرکت پر نوٹس لے اور ملک کے امن کو متاثر کرنے والی اس حرکت کا سدباب کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×