طالبان کی حالیہ پیشرفت ہماری توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے کھل کر سامنے آئی: جوبائیڈن
واشنگٹن: 17؍اگست (ذرائع) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی مہم کا مقصد ’قوم کی تعمیر نہیں‘ بلکہ ’امریکی سرزمین پر ایک دہشت گرد حملے کو روکنا تھا۔‘
افغانستان کی حالیہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ امریکی فوج کے انخلا کے فیصلے پر قائم ہیں تاہم طالبان نے جس سرعت سے پیش قدمی کی اس کا انھیں اندازہ نہیں تھا۔
’میں نے ہمیشہ امریکی عوام سے وعدہ کیا ہے کہ میں ان کے ساتھ ہوں لیکن میں تسلیم کرتا ہوں کہ طالبان کی حالیہ پیشرفت سے صورتحال ہماری توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے کھل کر سامنے آئی ہے۔‘
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ’امریکی اس جنگ میں لڑتے اور مرتے نہیں رہ سکتے جس میں افغان اپنے لیے لڑنے کے لیے تیار نہیں۔‘
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ افغان حکومت طالبان کے ساتھ سیاسی تصفیہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ’اشرف غنی نے اس بات پر اصرار کیا کہ افغان فورسز لڑیں گی لیکن ظاہر ہے کہ وہ غلط تھے۔‘