متحدہ عرب امارات میں مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں میں چار ہفتے کے لیے نمازوں پر پابندی
دبئی: 17؍مارچ (ذرائع) متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں میں نمازوں کی ادائی پر پابندی عاید کردی ہے۔ یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق پیر کی شب سے چار ہفتوں کے لیے حکومت نے یہ فیصلہ کیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کوششوں کے ضمن میں یہ اقدام کیا گیا ہے۔ یو اے ای کی وزارت صحت نے اب تک ملک میں کرونا وائرس کے 98 کیسوں کی تصدیق کی ہے۔
اماراتی حکام نے مہلک وائرس کرونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حالیہ دنوں میں متعدد اقدامات کیے ہیں۔یو اے ای نے دو روز پہلے غیرملکیوں کو ویزوں کا اجرا بند کردیا تھا اور لبنان ، ترکی ، عراق اور شام کے لیے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی تھی۔
امارت ابوظبی نے سیاحوں کی پسندیدہ سیرگاہ لوفرے میوزیم اور تھیم پارک کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بند کردیا ہے۔ابو ظبی نے سینما گھروں کو پہلے ہی بند کردیا تھا۔
یو اے ای میں شامل دبئی نے اس ماہ کے آخر تک تمام ہوٹل ، بار ، پب اور لاؤنجز کو بند کردیا ہے۔ دبئی نے گذشتہ ہفتے کے روز تمام تھیم پارک ،تفریح گاہیں ،نائٹ کلب، اور سینماگھر بند کردیے تھے اور شادی کی تقریبات اور کنسرٹس پر مارچ کے آخرتک پابندی لگا دی تھی۔
امارات نے تمام جِم خانے، کھیلوں کے مراکز اور سپرنگ کیمپ بھی بند کردیے ہیں اور مقامی اور مقیم افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی ایک جگہ پر پچاس سے زیادہ تعداد میں اکٹھے نہ ہوں۔