دارالعلوم دیوبند کے لیٹر ہیڈ میں ترمیم کرکے فرضی تحریر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی، مہتمم دارالعلوم دیوبند نے کی وضاحت
دیوبند: 12؍جون (عصرحاضر) دارالعلوم دیوبند کے لیٹر ہیڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اس میں اپنی طرف سے ایک تحریر شامل کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی جس میں کتب خانوں پر کتابوں کی اشاعت سے متعلق ایک لمبی تحریر درج ہے، سوشل میڈیا پروائرل اس تحریر کی تصدیق کو لیکر ہم نے مہتمم دارالعلوم دیوبند سے رابطہ کیا انہوں نے جواب میں لکھا کہ :
یہ تحریر جعلی ھے،دارالعلوم کی طرف سے ایسی کوئی اپیل جاری نھیں کی گئی ھے،
ابو القاسم نعمانی
واضح ہوکہ 7؍جون کو دارالعلوم دیوبند کی جانب سے گستاخِ رسولﷺمعاملہ پر قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور یہ مطالبہ والا لیٹر ہیڈ سوشل میڈیا پر بھی علماء طلبہ اور عوام الناس کی جانب سے خوب شئیر کیا گیا۔ کسی نے شرانگیزی کرتے ہوئے اسی لیٹر ہیڈ میں اصل تحریر حذف کرکے اپنی جانب سے دیوبند کے کتب خانوں سے متعلق ایک تحریر درج کردی جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ حرکت کے بعد مہتمم دارالعلوم دیوبند نے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہہ دیا کہ ایسا کوئی لیٹر ہیڈ دارالعلوم دیوبند سے جاری نہیں کیا گیا۔