سعودی عرب کا نیا پاسپورٹ حرمین شریفین کی تصاویر سے مزین ہوگا
سعودی عرب کا نیا پاسپورٹ حرمین شریفین کی تصاویر سے مزین ہوگا۔ جس کے لیے دو سعودی فوٹو گرافروں کے البمز سے تصاویر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ العربیہ نیٹ اوراخبار24 کے مطابق ظافر الشھری اور عماد الحسینی کے البمز سے تصاویر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے مملکت کے قابل دید مقامات کی تصاویر لی تھیں۔ ظافر الشھری نے ٹوئٹر پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’خوشی کی کوئی انتہا نہیں۔ بہت اچھا لگ رہا ہے کہ میری لی ہوئی تصاویر سعودی عرب کے نئے پاسپورٹ میں شامل ہوں گی۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’وزارت خزانہ کے متعلقہ ادارے نے انہیں شکریہ کا خط بھی لکھا ہے اور کہا ہے کہ میری تصاویر سعودی پاسپورٹ کے لیے منتخب کرلی گئی ہیں۔‘ عماد الحسینی کو بھی وزارت خزانہ نے شکریہ کا خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’جب سعودی محکمہ پاسپورٹ کے سرکاری پیج پر نام آیا اور اس میں یہ خبر دیکھی کہ میری لی ہوئی تصاویر آئندہ نئے پاسپورٹ کا حصہ ہوں گی دل خوشی سے باغ باغ ہوگیا۔‘ انہوں نے کہا کہ ’میری نظر میں یہ بڑا اعزاز ہے۔ کسی بھی فوٹو گرافر کے لیے اس سے بڑی بات کیا ہوگی کہ اس کی تخلیق قومی دستاویز کا حصہ بن جائے۔ سعودی حکومت قابل قدر و تحسین ہے جس نے مجھے یہ اعزاز دیا ہے۔ 20 ملین سے زیادہ سعودی شہری جو پاسپورٹ لے کر دنیا بھر کا سفر کریں گے وہ پاسپورٹ ہماری لی ہوئی تصاویر سے مزین ہوگا۔‘