وزیر اعظم مودی کا قوم سے خطاب‘ ان لاک 1.0 کے بعد سے پیدا ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار
نئی دہلی: 30؍جون (عصر حاضر) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 4؍بجے جنتا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان لاک 2 میں داخل ہونے جارہے ہیں اور کھانسی ، بخار اور سردی کا موسم بھی شروع ہورہا ہے۔ ایسی صورتحال میں ، میں ملک کے تمام باشندوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنا خیال رکھیں۔
دنیا بھر کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ، کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں ، ہندوستان اب بھی بہت مستحکم صورتحال میں ہے۔ بروقت فیصلوں اور اقدامات نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے
جب سے ملک میں انلاک ون شروع ہوا ہے تب سے حفظانِ صحت اور احتیاطی تدابیر پر عدم توجہی اور لاپرواہی کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے۔ اس سے قبل ، ہم ماسک کے استعمال‘ فاصلہ کی برقراری’ اور دن میں کئی بار 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھونے کے بارے میں زیادہ محتاط تھے۔
لاک ڈاؤن کے دوران قوانین کی سختی سے پابندی کی گئی۔ اب ، حکومتوں ، مقامی انتظامیہ اور شہریوں کو ایک بار پھر اسی طرح کا احتیاط برتنا ہوگا۔ ہمیں کنٹینمنٹ زون پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ دیکھتے ہیں کہ کوئی شخص اصولوں کی دھجیاں اڑارہا ہے تو ، ایسا کرنے سے روکا جائے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو چھٹی مرتبہ قوم کے نام خطاب کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اب ہم ان لاک ٹو میں داخل ہورہے ہیں اور ایسے وقت میں داخل ہورہے ہیں جب سردی ، زکام اور بخار کا موسم بھی شروع ہونے والا ہے ۔ ہمیں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ لاک ڈاون نے کورونا سے لوگوں کو بچایا ہے ۔ لیکن اب ان لاک کے ساتھ لاپروائی بھی شروع ہوگئی ہے ۔ اب لاپروائی بڑھ رہی ہے جو تشویش کی وجہ ہے ۔
وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت غریبوں کو مفت راشن کی اسکیم کو پانچ مہینے بڑھایا جارہا ہے ۔ اب یہ اسکیم نومبر تک ملک میں لاگو رہے گی ۔ اس اسکیم کے تحت غریبوں کو پانچ کلو مفت گیہوں یا چاول اور ایک کل چنا دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس اسکیم کو نومبر تک لاگو کرنے میں ۹۰ ہزار کروڑ کا اضافی خرچ آئے گا ۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جب سے یہ اسکیم شروع ہوئی ہے، تب سے نومبر تک اس میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ تک کا خرچ آئے گا ۔
بتادیں کہ ملک میں کورونا وائرس کا قہر پھیلنے کے بعد سے وزیر اعظم مودی کا یہ ملک کے نام چھٹا خطاب تھا ۔ گزشتہ مرتبہ وزیر اعظم مودی نے 12 مئی کو قوم کے نام خطاب کیا تھا ، جس میں انہوں نے 20 لاکھ کروڑ روپے کے اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا تھا ۔ اس سے پہلے 14 اپریل کو وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں لاک ڈاون کے دوسرے مرحلہ کا اعلان کیا تھا ۔
قبل ازیں تین اپریل کو وزیر اعظم مودی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے لوگوں سے دئے جلانے کی اپیل کی تھی ۔ وزیر اعظم مودی نے کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاون کا اعلان کرنے کیلئے 24 مارچ کو قوم سے خطاب کیا تھا ۔ 19 مارچ کو وزیر اعظم مودی نے اس بحران کے بعد اپنے پہلے خطاب میں ملک میں ایک دن کیلئے جنتا کرفیو کا اعلان کیا تھا ۔
السلام علیکم ورحمتہ اللہ
ہر روز کے خبروں کے لئے میں آپ کا شکر گزار ہوں
اللہ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے