کریم نگر: 26/مارچ (محمد عبد الحمید قاسمی) جمعہ کی نماز قائم کرنے کے فضائل، اور اس کے ترک پر وعیدیں اپنی جگہ مسلم ہے، مگر عذر اور مجبوری کی وجہہ سے جمعہ ادا نہ کرسکے تو وہ اس وعید میں شامل نہیں، کورونا وائرس جیسی بیماری نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، کرفیو اور لاک ڈاؤن جیسے ان حالات کے پیش نظر کریم نگر کے مختلف مکاتب فکر اور رفاہی تنظیموں کے ذمہ داروں نے حکومت کے دباؤ، بیماری کے پھیلنے کے اندیشے، وقت کی نزاکت اور مقتضائے حال کے مطابق قرآن و حدیث کی روشنی میں اور قانون کا لحاظ رکھتے ہوئے آزردہ اور دل برداشتہ ہوکر یہ فیصلہ کیا ہے کہ مسجد میں امام، مؤذن کے علاوہ مخصوص چند افراد ملکر نماز جمعہ ادا کریں، محلہ کے باقی حضرات مسجد میں جمعہ پڑھنے کے بجائے اپنے اپنے گھروں میں نماز ظہر ادا کرلیں ان شاء اللہ نماز جمعہ پڑھنے کا اجر و ثواب ملے گا-
مفتی محمد اعتماد الحق صاحب قاسمی امام وخطیب مدینہ مسجد، مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی خطیب مسجد زمزم، مفتی محمد یونس القاسمی امام و خطیب مسجد حفیظ، مفتی غیاث محی الدین صاحب خطیب مسجد قباء،مولانا عمر فاروق صاحب خطیب مسجد مسلم، محترم محمد خیر الدین صاحب امیر جماعت اسلامی کریم نگر، مفتی محمد صادق حسین صاحب جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء کریم نگر، مفتی محمد نوید سیف حسامی خطیب مسجد محمودیہ، مفتی محمد عبد الحمید قاسمی امام وخطیب مسجد مکہ، مولانا محمد کاظم صاحب الحسنی صدر صفا بیت المال کریم نگر، حافظ محمد وسیم الدین صاحب معتمد جمعيةالحفاظ کریم نگر, حافظ سید رضوان صاحب صدر دار الانصار کریم نگر ، محترم جناب اختر علی صاحب صدر جوائنٹ ایکشن کریم نگر و اراکین نے اس فیصلہ کے ساتھ ساتھ تمام مسلمان بھائیوں سے توبہ و استغفار کی کثرت اور اپنے گھروں میں پنجوقتہ نمازوں کی پابندی اور دعاؤں کا اہتمام کرنے کی پرخلوص گزارش کی ہے۔