امیرشریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد خان رشادی مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد نے کہا کہ اپریل سے این پی آر یعنی نیشنل پاپولیشن رجسٹر کی کارروائی شروع ہونے والی ہے ۔ سی اے اے مخالف احتجاج کررہی چند تنظیمیں این پی آر کا بائیکاٹ کرنے کی بات کہہ رہی ہیں ۔ جبکہ کئی تنظیموں نے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ مولانا نے ملک کی بڑی ملی تنظیموں سے یہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ خواہ مثبت ہو یا منفی ، ملک گیر سطح پر کوئی ایک فیصلہ لیا جانا چاہئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہندو، دلت، سکھ، عیسائی اور دیگر مذاہب کی تنظیموں سے مذاکرات کرتے ہوئے این پی آر کے متعلق فیصلہ کیا جائے۔ تاکہ عوام میں کسی طرح کی تشویش پیدا نہ ہو۔
امیرشریعت کرناٹک نے کہا کہ این پی آر کے سلسلہ میں وزیرداخلہ امت شاہ کا بیان وضاحت طلب ہے۔ این پی آر کے حتمی سوالات کیا ہوں گے؟ این پی آر میں کیا تبدیلیاں کی گئی ہیں؟ این پی آر کا خدوخال کیسا ہوگا ؟ اس سلسلے میں مرکزی حکومت عوام کو وضاحت فراہم کرے۔ کورونا وائرس کی وبا پر بات کرتے ہوئے امیرشریعت نےکہا کہ عوام حکومت کی ہدایات پرپوری طرح عمل کریں ۔ اس مرض کو کسی بھی صورت میں پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ۔ گھروں، محلوں، عوامی مقامات پرصاف صفائی کا پوری طرح خیال رکھیں۔