نئی دہلی۳-مارچ (پریس ریلیز) آج جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی صدار ت میں جامعہ عربیہ بیت العلوم پرانا مصطفیٰ آباد( دہلی) میں ذمہ داروں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی ، جس میں فساد زدگان کی بازآبادکاری اورقانونی امداد سے متعلق فیصلہ لیا گیا ۔ اس موقع پر مولانا مدنی نے روز اول سے سرگرم جمعیۃ کے کارکنان کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب تک جمعیۃ کی کوشش سے 298 افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے ،نیز کیمپ قائم کرکے ریلیف وغیرہ پر کام کیا جارہا ہے ،تاہم ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے درمیان راشن کٹس بانٹنا جزوی مدد ہے ، جمعیۃ علماء ہند لانگ ٹرم اور پائیدار طور سے مظلوموں کی مدد کرنے کی روایت رکھتی ہے ، اس لیے یہ ضروری ہے کہ متاثرین کی آبادکاری اوران کو انصاف دلانے کے لیے سبھی جماعتی احباب آگے آئیں، ممکن ہے کہ کچھ افراد کسی انجانے خوف کی وجہ سے ایف آئی آر کرانے سے کترارہے ہوں، ان کو مقامی افراد حوصلہ دے کر جمعیۃ لیگل سیل تک پہنچائیں۔ چنانچہ میٹنگ میں ایک ریلیف کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مولانا شمیم قاسمی مدینہ مسجد جعفرآباد، مولانا عابد قاسمی، مولانا دائود امینی، قاری عبدالغفار ، مولانا اسلام الدین ، قاری عبدالسمیع، مولانا ذاکر، مولانا طاہر ، مفتی ذکاوت حسین ، قاری محمد عارف، مولانا ظفرالدین ،مفتی عاقل ، مولانا طلحہ، مولانا ارشاد، مفتی مطیع الرحمن، مفتی خلیل، مولانا عبدالسبحان، مولانار ضوان، حاجی محمد منگتا، حاجی ناصر، حاجی زبیر احمد، حاجی یوسف، قاری ارشاد، قاری احرار، قاری ایوب شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ متاثرین کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے کے لیے مدرسہ باب العلوم جعفرآباد، مدرسہ بیت العلوم مصطفی آبادو مدینہ مسجد مصطفی آباد میں لیگل سیل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں ایڈوکیٹ محمد نوراللہ کی نگرانی میں وکیلوں کی ٹیم بیٹھے گی اور ضرورت مندوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرے گی ۔ اس کے علاوہ عدالت میں مقدمات کے لیے کرکر ڈوما کورٹ میں ایڈوکیٹ شمیم اختر ( چیمبر F-314) اور ایڈوکیٹ طیب خاں کی نگرانی میں وکیلوں کی ٹیم تشکیل پائی ہے۔ اس سلسلے میں ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی نے بتایا کہ جن لوگوں کو بے قصور گرفتار کیا جارہا ہے وہ ایڈوکیٹ شمیم اختر سے ان کے فون نمبر 9810034786پر رابطہ کریں ۔
میٹنگ میں تباہ شدہ مکانات کے سروے کے بعد جزوی مرمت کے جائزہ کے لیے بھی ایک علیحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی، مساجد و مدارس کی بازآبادکاری کے لیے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ میٹنگ میں یہ محسوس کیا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد ہر زور بڑھ رہی ہے ،بڑی تعداد میںلوگ اب تک لاپتہ بھی ہیں، ان تک رسائی کے لیے جد وجہد کی ضرورت ہے ۔میٹنگ میں مولاناحکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے بھی منظم جد وجہد پر زور دیا ۔