افکار عالم

اسرائیل میں بنیامین نیتن یاہو اقتدار سے بے دخل، نفتالی بینیٹ نئے وزیر اعظم منتخب

تل ابیب: 14؍جون (پریس ریلیز) اسرائیل کے قوم پرست سخت گیرسیاست دان نفتالی بینیٹ نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں اور بنیامین نیتن یاہو کے مسلسل بارہ سالہ طویل اقتدار کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

اسرائیل کی پارلیمان الکنیست نے اتوار کی شب 49 سالہ نفتالی بینیٹ کی قیادت میں صہیونی ریاست کی چھتیسویں حکومت کی منظوری دی ہے۔پارلیمان کے 60 ارکان نے نئی کابینہ کے حق میں ووٹ دیا ہے اور 59 نے اس کی مخالفت کی ہے۔

اسرائیل کے نئے مخلوط حکمراں اتحاد میں آٹھ جماعتیں شامل ہیں۔ان میں ملک کی 21 فی صد عرب آبادی کا نمایندہ عرب بلاک بھی شامل ہے۔ مخلوط حکومت کی تشکیل کے لیے طے شدہ فارمولے کے تحت نفتالی بینیٹ نصف مدت کے بعد 2023ء میں وزارت عظمیٰ سے دستبردار ہوجائیں گے اور ان کی جگہ 57 سالہ یائرلیپڈ وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔

اسرائیلی پارلیمان میں نئی حکومت کی منظوری سے قبل نئے اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے اورنئے مخلوط اتحاد کے بانی یائرلیپڈ کی جماعت ’ییش عتید‘ سے تعلق رکھنے والے میکی لیفی نئے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔انھوں نے120 ارکان پر مشتمل پارلیمان سے 67 ووٹ حاصل کیے تھے۔

گذشتہ ہفتے اس مخلوط اتحاد کی تشکیل کے بعد 71 سالہ نیتن یاہو کا جانا ٹھہرگیا تھا اوران کے مسلسل چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے کے امکانات معدوم ہوگئے تھے۔وہ 2009ء سے اسرائیل کے وزیراعظم چلے آرہے تھے۔انھوں نے مجموعی طور پر پندرہ سال حکومت کی ہے۔اس سے پہلے وہ 1996ء سے 1999ء تک تین سال صہیونی ریاست کے وزیراعظم رہے تھے۔

نفتالی بینیٹ اسرائیل کے پہلے کٹڑیہودی وزیراعظم ہیں۔وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے لیے مزید بستیوں کی تعمیر کے حق میں ہیں اور اس فلسطینی علاقے کو جزوی طور پر صہیونی ریاست میں ضم کرنے سے متعلق بیانات جاری کرتے رہے ہیں جبکہ ان کے حکمراں اتحاد میں شامل عرب بلاک اس کا مخالف ہے۔

واضح رہے کہ صہیونی ریاست میں 23 مارچ کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں نیتن یاہو کی قیادت میں دائیں بازو اور مذہبی بلاک جبکہ ان کے مخالف سیاست دانوں پر مشتمل اتحاد میں سے کوئی بھی پارلیمان میں حکومت بنانے کےلیے درکار سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکا تھا۔اسرائیل میں گذشتہ دو سال میں یہ چوتھے پارلیمانی انتخابات تھے۔اب کہ بھی صرف ایک ووٹ کے فرق سے نئی حکومت تشکیل پائی ہے۔

بینیٹ نے وزارت تعلیم کو فرقہ واریت سے آگے کی شناخت مضبوط بنانے کے واسطے استعمال کیا۔ انہوں نے انٹرمیڈیٹ ہائی اسکولوں کے طلبہ کو ریاضی اور طبعیات میں خصوصی توجہ دینے کے لیے سراہا اور اسرائیل کے لیے ان شعبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اگرچہ بینیٹ نئے آرتھوڈکس کے طور پر جانے جاتے ہیں تاہم مذہبی قانون سازی کبھی بھی ان کا شغف نہیں رہی۔ ان کی مذہبی پاسداری دیگر کٹر سیاست دانوں سے کم ہی رہی۔ مثلا وہ خوایتن سے مصافحہ بھی کرتے ہیں۔ ان کی بیگم جیلٹ اپنے سر ک بال بھی نہیں ڈھانپتی ہیں۔

دسمبر 2018ء میں قبل از وقت انتخابات کی کال دی گئی تو بینیٹ نے اپنی شراکت دار ایلیٹ شاکید کے ساتھ اپریل 2019ء کے انتخابات سے قبل "New Right” پارٹی کے نام سے ایک نئی جماعت تشکیل دے دی۔ تاہم دونوں شخصیات انتخابات کی دہلیز پار کرنے سے قاصر رہیں۔

مارچ 2021ء کے انتخابات میں بینیٹ کی جماعت نے 7 نشستیں جیت لیں۔ بینیٹ نے 30 مئی کو اعلان کیا تھا کہ وہ اگست 2023ء تک قومی یک جہتی کی وسیع حکومت میں بطور وزیر اعظم کام کریں گے۔ ستمبر 2023ء سے یائر لیپڈ وزارت عظمی کا منصب سنبھالیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×